رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل، میرپور شہر میں پینے کے پانی، سیوریج کے نظام کی بہتری لائیں گے، آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کمر بستہ ہو چکا ہوں، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود

میرپور (پی این آئی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں اب آزادکشمیر کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کمر بستہ ہو چکا ہوں اور انشاء اللہ آزادکشمیر کے عوام کے مسائل حل کرانے کے لئے ہم اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔میرپور کے مسائل کا حل پہلی ترجیح ہے زیلی کنبہ جات کا ایشو ایک ماہ کے اندر حل کر لیا جائے گا رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل جلد عمل میں لائی جائے گی میرپور شہر میں پینے کے پانی سوریج کے نظام کی بہتری پارکنگ سمیت دیگر مسائل حل کریں گے میں نے اپنے دور اقتدار میں میرپور شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کر کے شہر کی سڑکیں کشادہ کیں۔

لاری اڈا سبزی منڈی مختلف عوامی پارک میاں محمد بخش لائبریری سمیت دیگر منصوبوں کو مکمل کر کے میرپور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا۔میونسپل کارپوریشن میرپور کے مئیر چوہدری عثمان خالد کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنھوں نے اس قدر بڑے افطار ڈنر کا اہتمام کیا بلاہ پارک پرانی ہٹیاں ہماری سیاست اور انتخابی فتح کا مرکز ہے چوہدری خالد اور اس پورے علاقہ سے میرے خاندان کا پرانا اور درینہ رشتہ ہے۔یہ رشتہ اب عثمان علی خالد کے میئر میونسپل کارپوریشن بننے کے بعد مزید مضبوط ہوگیا ہے۔ میں نے صدر ریاست کے منصب کا حلف اُٹھاتے وقت عوام سے جو وعدے کیے تھے جن میں سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے اقتدار کو نچلی سطح پر منتقلی اور ریاست سے کرپشن کے نا سور کو جڑ سے اکھاڑ کر عدل و انصاف کے نظام کا قیام تھا۔میں نے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کر کے اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ وعدہ تکمیل کے تمام مراحل عبور کر چکا ہے الحمد اللہ 30 سال کے بعد بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اقتدار عوامی نمائندوں کو سونپا جا چکا ہے ہم بلدیاتی نظام اور بلدیاتی اداروں کو مزید مضبوط و فعال موثر اور متحرک بنائیں گے تاکہ معاشرے میں حقیقی معنوں میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج یہاں میرپور میں میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے بہت بڑے افطار ڈنر سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔افطار ڈنر سے وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین، وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان،ڈی جی منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری محمد منشاء نقشبندی،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،میئر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد،ڈپٹی میئر محمد رمضان چغتائی سابق چیئرمین بلدیہ چوہدری خالد حسین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کے راہنماؤں،کونسلرز،انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے کثیر افراد نے شرکت کی۔قبل ازیں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب پنڈال میں پہنچے تو کارکنان نے ان کا ڈھول باجوں کے ہمراہ والہانہ استقبال کیا،ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گے۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے صدر ریاست کے عہدے کا حلف اُٹھاتے وقت میں نے آزادکشمیر کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میں احتساب کے عمل کو موثر بناؤں گا کیونکہ ریاست سے کرپشن کے خاتمے کے بغیر ترقی کا تصور بھی ممکن نہیں کرپشن کے نظام کو ختم کر کے عدل و انصاف کے نظام کے نفاذ سے ہی ہم مثالی معاشرے کے قیام کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔ آج کے جمہوری دور میں عدل و انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا کرپشن کے خاتمے کے لیے احتسابی عمل کا شفاف ہونا ضروری ہے ہم کرپشن کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے لئے ہم سب کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا اور اس سلسلے میں، میں اب آزاد کشمیر میں عوام کے چھوٹے بڑے مسائل حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close