میرپور، ایک ماہ کے اندر اس نیو ٹاؤن میں آبادکاری شروع ہو جائے گی، صدر آزاد کشمیر کی نیو سٹی میں منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب میں یقین دہانی

میرپور (پی این آئی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اہلیان نیو سٹی کے ساتھ ذیلی کنبہ جات کے ایشو کو حل کرنے کا وعدہ کیا تھا یہ ایک مشکل وعدہ تھا لیکن اب میں پوری دلیری کے ساتھ کہتا ہوں کہ یہ وعدہ پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے ایک ماہ کے اندر اس نیو ٹاؤن میں آبادکاری کا عملی کام شروع ہو جائے گا۔نیو ٹاؤن میں دس مرلہ کے 3203 پلاٹ الاٹ کیے جائیں گے

اس منصوبہ کیلئے 3 ارب 40 کروڑ روپے حکومت آزاد کشمیر فراہم کرے گی ہم اس ٹاؤن کو دور حاضر کی جدید ترین ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی طرز پر تعمیر کریں گے جہاں پر رہائش سے متعلقہ ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔نیو سٹی کی عوام نے میرے الیکشن میں بھرپور کردار ادا کر کے میری جیت میں فیصلہ کن رول ادا کیا پھر یاسر سلطان کی جیت میں نیو سٹی کی عوام نے اپنا بھرپور حصہ ڈالا جب بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ آیا تو ایک مرتبہ پھر نیو سٹی کی عوام نے کونسلرز کی تاریخ ساز کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا اب یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم نیو سٹی کے تمام مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر نکالیں ذیلی کنبہ جات سمیت دیگر تمام مسائل کے حل کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ میں کونسلر قربان یوسف کا شاندار افطار ڈنر کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو سٹی میں کونسلر قربان یوسف کی طرف سے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ افطار ڈنر کے بڑے اجتماع سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت پی ٹی آئی کے مرکزی راہنما جبار احمد مہناس ایڈووکیٹ نے کی۔تقریب سے آزاد کشمیر کے وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان،ڈی جی منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری محمد منشاء نقشبندی،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،میئر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد،ڈپٹی میئر محمد رمضان چغتائی،کونسلر قربان یوسف،جبار احمد مہناس ایڈووکیٹ،ضیاء مہناس نے بھی خطاب کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close