اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی ہدایت پر حکومت آزادکشمیر کو درپیش مالی مشکلات اور وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ میں کٹوتی کے حوالہ سے وفاقی سیکرٹریٹ فنانس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومت آزادکشمیر کی جانب سے سینئر موسٹ وزیر/وزیر لوکل گوورنمنٹ ودیہی ترقی خواجہ فاروق احمد، وزیر خزانہ عبدالماجد خان،وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ اور سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے وفاقی سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ اور وفاقی وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں حکومت آزادکشمیر کے وزراء نے وفاقی حکام کو باور کروایا کہ آزادحکومت کے موجودہ سال کے بجٹ کے پیش کرتے وقت وفاقی وزرات خزانہ کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ ملازمین کی تنخواہوں ،پینشن اور آٹا کی سبسڈی کی مد میں حکومت پاکستان خسارہ پورا کرے گی جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ابھی تک اس یقین دہانی پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ سینئر موسٹ وزیر حکومت آزادکشمیر خواجہ فاروق احمد اور وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی وزرات خزانہ آزادکشمیر حکومت کو درپیش مالی مسائل اور لوگوں کی مشکلات کوسمجھے اور اپنے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ خطہ کے عوام کی مشکلات کم ہوں۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ نے حکومت آزادکشمیر کے وفد کو یقین دلایا کہ مخدوش مالی حالات کے باوجود وفاقی حکومت، آزادکشمیر کے مالی خسارے کو کم کرنے میں مدد کرے گی۔
آئندہ چند روز میں ایک اور اعلیٰ سطح کی میٹنگ وفاقی سطح پر ہو گی جس میں حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں