آزاد کشمیر بھر کے ٹوریسٹ سپاٹس کے گوگل پر آن لائن روٹس تعین کیئے جائیں، واٹر سپورٹس کا انعقاد کروایا جائے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ہدایت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آزادکشمیر میں ٹورازم کے فروغ کے حوالہ سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کورونا کے بعدٹورازم دوبارہ بحال ہو رہی ہے اور ہر سال لاکھوں سیاح اس خوبصورت خطہ کا رخ کرتے ہیں۔ آزادکشمیر بھر کے ٹوریسٹ سپاٹس کے گوگل پر آن لائن روٹس تعین کیئے جائیں تاکہ باہر سے آنے والے سیاحوں کو مشکلات نہ ہوں۔

آزادکشمیر بھر میں واٹر سپورٹس کا انعقاد کروایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سیاحت کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری سیاحت محترمہ مدحت شہزادنے آزادکشمیر میں ٹورازم کے پوٹینشل اور حالیہ جاری شدہ منصوبہ جات اور ان کی تکمیل کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیرا عظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں ٹورازم کے حوالہ سے جاری شدہ منصوبہ جات کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔آزادکشمیر کے مختلف ٹورازم سپاٹس پر لائٹنگ نصب کی جائیں اور بھرپور سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ سیاحوں کی دلچسپی بڑھے۔ آزادکشمیرایک خوبصورت خطہ ہے۔ یہاں کا رہن سہن، ثقافت اور کلچر پوری دنیا میں منفرد پہچان رکھتا ہے۔ آزادکشمیر میں کامیاب خواتین پروگرام کے تحت سینٹر ز میں تیار کی گئی مصنوعات کی دنیا بھر میں مارکٹنگ کروائیں گے۔ جس کے لیے لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں ڈسپلے سینٹر ز قائم کریں گے تاکہ یہاں کی ثقافت اور کلچر کے ساتھ ٹورازم کو فروغ ملے اور دنیا اس خطہ کی جانب مائل ہو۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مالی بحران کے باوجود ہماری حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سیاحت کو فروغ دے کر بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close