حکومت اور اپوزیشن ملکر برسلز میں مارچ کریں، مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے تجویز پیش کر دی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرسردارتنویرالیاس خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی چالوں کو سوجھ بوجھ سے ناکام بنانا ہے۔ کشمیر پر کوئی سیاست نہیں ہم سب کاایک ہی نظریہ ہے۔میری تجویز ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ملکر برسلز میں مارچ کریں اور دنیا کو باور کروائیں کہ کشمیری بھیڑ بکریاں نہیں۔آل پارٹیز حریت کانفرنس نے حکومت آزادکشمیر کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گلگت مظفرآباد بس سروس کو بھرپورانداز میں سراہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر چوہدری انوارالحق نے کی جبکہ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے بھی اجلا س سے خطاب کیا۔ وزیراعظم سردارتنویرالیاس خان نے ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ صدرریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کشمیر کے حوالہ سے جاندار کردار رہا ہے۔ ہم سب نے مل کر اس حوالہ سے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ شونٹر ٹنل کے حوالہ سے ہم نے کمیٹی بنادی ہے۔ اسلام آباد کا گلگت بلتستان کے ساتھ کوئی متبادل روٹ نہیں اس لیے یہ ٹنل بہت ضروری ہے۔ حکومت آزادکشمیر شاہرات، ہاوسنگ اور دیگر شعبوں میں گلگت بلتستان حکومت کی معاونت کریگی، گلگت میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے وہاں کی حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔ گلگت بلتستان کے لوگوں نے بھی بس سروس کو سراہتے ہوئے آزادکشمیر سے جانے والے وفود کا گرم جوشی سے استقبال کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5فروری کو حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ او آئی سی کے دیگرممالک میں بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہیے۔آخر میں سپیکر چوہدری انوار الحق نے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس13اپریل تک ملتوی کر دیا۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close