مظفر آباد، سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد کی زیر صدارت عید الفطر کے موقع پر 27 تا 29 اپریل کشمیر فیسٹیول کے انتظامات کے لیے اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) سینئر موسٹ وزیر حکومت وچیئرمین قومی تقریبات کمیٹی خواجہ فاروق احمد کی زیر صدارت عید الفطر کے موقع پر 27 تا 29 اپریل کشمیرفیسٹیول کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سیاحت محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری سپورٹس چوہدری محمد رقیب، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت محمد نصیر، ڈائریکٹر جموں کشمیر لبریشن کمیشن راجہ محمد اسلم خان، ڈائریکٹر سپورٹس ملک شوکت،ڈائریکٹر یوتھ اینڈ کلچر امجد علی مغل، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد راجہ طاہر ممتاز، ایس ایس مظفرآباد اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کشمیر فیسٹول کو بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، تین روزہ کشمیر فیسٹیول 27 سے 29 اپریل تک جاری رہے گا۔کشمیر فیسٹول میں کرکٹ، فٹبال، بیڈ منٹن، میرتھن، ثقافتی سرگرمیاں اور مقامی کھیلوں کے ساتھ ساتھ مظفرآباد ائیر پورٹ پر کشمیری کھانوں، ہینڈی کرافٹس کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئرموسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ عید فیسٹول کے انعقاد کا بنیادی مقصد آزادکشمیر کی سیر کرنے کے لیئے آ نے والے سیاحوں کو مظفرآباد میں تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی ہے تاکہ مقامی اور باہر سے آنے والے سیاح عید فیسٹول کو یادگار بناسکیں۔ فیسٹول میں پیراگلائیڈنگ اور موٹر گلائیڈنگ کے لیے آزادکشمیر اور پاکستان کے معروف پیرا گلائیڈرز اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہر ہ کریں گے اور مظفرآباد کی فضاؤں میں اڑیں گے۔آزاد کشمیر میں سیاحت کا فروغ اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر خوبصورت خطہ ہے یہاں بہترین سیاحتی مقام موجود ہیں۔ حکومت کشمیر فیسٹول پر سیاحوں کو بھرپور سہولیات فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ امسال عید کے موقع پر سیاح آزاد کشمیر کا رخ کریں، اور یہاں کی لوکل کمیونٹی باہر سے آنے والے سیاحوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ اس خطے کے حوالے سے مثبت پیغام ساری دنیا میں جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں