میں نے عوام سے تین وعدے کیے تھے جن میں سے دو پورے ہو چکے ہیں، حلقہ کھڑی شریف میں افطار ڈنر کے اجتماع سے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا خطاب

کھڑی شریف (پی این آئی) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے کامیاب انعقاد کے بعد اقتدار حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل ہو چکا ہے۔ میں نے جب صدر ریاست کے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا تو میں نے عوام سے تین وعدے کیے تھے جن میں دو پورے ہو چکے ہیں، ایک مسئلہ کشمیر کو آزادی کے بیس کیمپ سے جارحانہ انداز میں عالمی سطح پر اُجاگر کرنا، دوسرا بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تھا۔

راجہ نویداختر گوگا ضلع میرپور سے بلا مقابلہ چیئرمین ضلع کونسل منتخب ہوئے ہیں یہ آزاد کشمیرکے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے اس سے قبل کوئی بلا مقابلہ چیئرمین ضلع کونسل منتخب نہیں ہوا اس پر میں راجہ نویداختر گوگا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔آزاد کشمیر میں 32سال بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوا ہے یہ عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا میں سمجھتا ہوں کہ اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی کے بغیر آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی لانا ممکن نہ تھا اب بلدیاتی انتخابات کے بعد عوامی نمائندوں کو اقتدار منتقل ہو چکا ہے انشا ء اللہ آنے والے دنوں میں عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔ ہم بلدیاتی اداروں کو مضبوط کریں گے ان کو کسی قسم کی فنڈز میں کمی نہیں ہونے دیں گے۔ صدر ریاست کی حیثیت سے میں نے امریکہ، برطانیہ، یورپ، ترکی اورمشرق وسطیٰ کے دورے کیے اقوام متحدہ میں ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کی ترجمانی کی ریاست کے اندر موجود تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا پہلی بار آزاد کشمیر میں تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے سیاسی نظریات کو بالائے طاق رکھ کر کشمیر ایشو پر متفق ہو کر جدوجہد پر اتفاق کیا۔ ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حلقہ کھڑی شریف میں چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا کی رہائش گاہ پر منعقدہ افطار ڈنر کے اجتماع سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔

اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا، آزاد کشمیر کے وزیر توانائی وآبی وسائل چوہدری ارشد حسین،وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق،وزیر حکومت چوہدری مقبول گجراوروزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر افطار ڈنر میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی افطار ڈنر آمد پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا والہانہ استقبال کیا گیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر صدر ریاست کا استقبال کیا۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب مزید کہا کہ میں نے اپنے برطانیہ،امریکہ ویورپ کے دوروں کے دوران مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برطانیہ میں بھارتی سفارتخانے کے باہر کشمیری کمیونٹی کے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی اور برطانوی وزیراعظم کے آفس تک مارچ کیا۔ دورہ امریکہ، برطانیہ و یورپ کے دوران تارکین وطن نے کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا،جب میں نے صدر ریاست کا حلف اٹھایا تو اس وقت میں نے اعلان کیا تھا کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کروائیں گے۔ میں حکومت آزاد کشمیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کروا کراقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close