آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے ممبر آزاد کشمیر کونسل سردار سیاب خالد کی وفات سے خالی ہونے والی کشمیر کونسل کی نشست پر انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ممبر آزادجموں وکشمیر کونسل سردار سیاب خالد کی وفات کی وجہ سے خالی ہونے والی کشمیر کونسل کی نشست پر انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کشمیر کونسل کی متذکرہ نشست پر انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی امیدواران کی جانب سے 7 اپریل صبح 9 سے 12 بجے تک سیکرٹری الیکشن کمیشن کے آفس میں جمع کروائے جا سکتے ہیں،8 اپریل کو کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کی جائیگی۔

10 اپریل تک کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف الیکشن کمیشن کے پاس کوٹھی نمبر ایک چھتر مظفرآباد میں اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔11اپریل کو ان اپیلوں کی سماعت کی جائیگی جبکہ 12 اپریل کو ان اپیلوں پر فیصلے دیئے جائیں گے۔12 اپریل کو ہی شام 5 بجے تک امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے جس کے بعد امیدواران کی حتمی فہرست شائع کی جائیگی۔ 15 اپریل 2023 کو کشمیر کونسل کی متذکرہ نشست پر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں صبح 10 بجے سے دن 2 بجے تک پولنگ ہوگی، پولنگ کے عمل کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائیگی۔ الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کشمیر کونسل کی اس نشست پر انتخاب کے لیے سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان کو ریٹرننگ آفیسر جبکہ ڈپٹی سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد اشفاق عباسی کو پولنگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close