اسلام آباد () صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اس وقت ایک اہم اور نازک موڑ میں داخل ہو چکا ہے لہذا بیرون ملک بالخصوص برطانیہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو جائیں اور بھارت کی ریشہ دوانیوں کا بھرپور جواب دیں۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں لہذا ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مودی کے مکروہ عزائم کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے کمر بستہ ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل مڈ لینڈ کے صدر چوہدری خادم حسین سے ایک تفصیلی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل مڈ لینڈ کے صدر چوہدری خادم حسین نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بتایا کہ اب جبکہ برطانیہ میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل کی تنظیم سازی کافی حد تک مکمل ہو چکی ہے اور کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے برطانیہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے متحرک ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل مڈ لینڈ کے صدر چوہدری خادم حسین نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بتایا کہ پانچ فروری کو جس طرح آپ نے لندن میں بھارتی سفارتخانے سے لے کر ٹن ڈاؤننگ اسٹریٹ تک مارچ کی قیادت کی اس سے برطانیہ میں آباد کشمیریوں کو متحرک کرنے میں مدد ملی لہذا اب آپ دوبارہ برطانیہ کا دورہ کریں تاکہ کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل کو مزید منظم و مستحکم کیا جا سکے اور برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے میں مدد مل سکے۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں