اندرون و بیرون ملک آباد کشمیری انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب مبذول کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، صدر آزاد کشمیر کی وفد سے گفتگو

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 05اگست2019کے بھارتی اقدامات کے بعد بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیے ہوئے ہے۔ لہذا اندرون و بیرون ملک آباد کشمیری انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب مبذول کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے سیاسی رہنماء فیض حمید فیضی کے ہمراہ کھڑی شریف کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر برقیات و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر فیض حمید فیضی نے کہا کہ ہم آپ (صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر)کی ہدایت پربرطانیہ میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے متحرک ہیں۔ اس موقع پر فیض حمید فیضی نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی جو صدر ریاست نے قبول کر لی اور وہ جلد ہی برطانیہ کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آپ جیسے وفادار اور جانثار ساتھیوں کی وجہ سے ہی میری قوت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور میں نہ صرف کشمیر کی آزادی کے لئے عالمی سطح پر کوششیں کر رہا ہوں بلکہ میری کوشش ہے کہ آزادکشمیر میں بھی ایک بہتر ماحول پیدا ہو اور آزادکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کر سکوں۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close