اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں آفیسران عوام کی بہتری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں جہاں پر مشکلات ہوں حکومت کو آگاہ کریں ہم عوام کے لیے دن رات حاضر رہیں گے اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں دفاتر میں آنے والے سائلین کوجائز کام کے لیے چکر نہ لگوائے جائیں انکے ساتھ بہترین رویہ روا رکھ کر مسائل فوری حل کیے جائیں، ۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی امیدیں ہم سے ہیں فرسودہ اور کرپٹ نظام تبدیل کرنے کے لیے عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے ہمیں عوام کی توقعات کے مطابق نظام میں تبدیلی کرنی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ تمام آفیسران اپنی سروس کو عوام کی خدمت سمجھ کے کریں عوام دوست رویے اور مشکل ترین پراسیس کو آسان بنا کر عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کیے جائیں۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں سرکاری امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے دفاتر میں چکر لگوانے کا نظام اب ختم ہو جانا چاہیے انہوں نے کہا کہ ہم سب عوام کے خادم ہیں سب کو اپنے منصب کے مطابق ایمانداری اور دیانتداری کیساتھ کام کرنا ہو گا تحریک انصاف حکومت نے انتقامی تبادلوں اور کاروائیوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے ہمارے لیے وہ سب سے زیادہ قابل احترام ہے جو عوام کے لیے بہتر کام کرتا ہے،
انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں اداروں کی مضبوطی سے ریاست مضبوط ہو گی جہاں پر کسی کے خلاف شکایت ملی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے کاروائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاک مہینہ جہاں عبادات کیلیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے وہی فرائض کے اعتبار سے بھی اسکی بڑی اہمیت ہے کہ جو ہمارے فرائض ہیں خاص کر جو بندوں کے حقوق ہیں وہ کماحقہ ادا کئے جائیں اسلئے تمام سرکاری آفیسران و اہلکاران اس مہینے میں خاص طور پر عوام کے مسائل حل کرنے میں تندہی سے کام کریں یہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں