وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی زیر صدارت محکمہ خوراک کا اجلاس، محکمہ خوراک کو رمضان المبارک میں آٹے کی سپلائی کو یقینی بنانے کی ہدایت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت محکمہ خوراک کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خوراک چوہدری علی شان سونی، چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد عثمان چاچڑ، پرنسپل سیکرٹری ہمراہ وزیراعظم فیاض علی عباسی،سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن راجہ امجد پرویز، سیکرٹری خوراک منصور قادر ڈاراورسیکرٹری فنانس عصمت اللہ شاہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کوسیکرٹری خوراک منصور قادر ڈار نے آزاد کشمیر میں آٹے سپلائی اورٹرانسپورٹرز کی جانب سے ہڑتال کے حوالے سے بریفننگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ خراب معاشی حالات کے باوجود حکومت آزاد کشمیر نے پہلے ہی آٹے پر عوام الناس کو سالانہ 12 ارب روپے کی سبسڈی دے رکھی ہے۔انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں آٹے کی سپلائی کو یقینی بنائیں۔ آزادکشمیر میں فوڈ اتھارٹی، محکمہ خوراک اور ٹرانسپورٹرز کے حل طلب مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا جس کے لیے سیکرٹری سروسز اور سیکرٹری خوراک پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شحص کو ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دیں گے۔ محکمہ خوراک کی ذمہ داری ہے کہ وہ آزادکشمیر کے عوام کو سستا اور معیاری آٹا مہیا کرے اور ڈپوؤں پر آٹے کی ہمہ وقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت عوام الناس کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔ عوام الناس کو معیاری اشیائے خورو نوش کی فراہمی کے لیے فوڈ اتھارٹی فعال کردار ادا کرے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close