آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج کا چوتھا کانووکیشن، راجہ فاروق احمد نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو ایوارڈ دیے، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات سے حلف لیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر میڈیکل کالج کا چوتھا کانووکیشن منگل کے روز منعقد ہوا۔ کانووکیشن میں آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرکے سینئرموسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری صحت عامہ آزادکشمیر میجر جنرل ظہیر اختر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور پروفیسر ڈاکٹراحسن وحید،وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ضیاء الحق، پرنسپل آزادجموں وکشمیر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرملازم حسین بخاری، فیلکٹی ممبران اور ایم بی بی ایس مکمل کرنے والے طلبا و طالبات اور انکے والدین بھی شریک تھے۔

پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ملازم حسین بخاری نے کانووکیشن میں ادارہ کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ مہمان خصوصی خواجہ فاروق احمدنمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو ایوارڈ دیے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہورپروفیسر ڈاکٹر احسن وحید نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات سے حلف لیا۔مہمان خصوصی خواجہ فاروق احمد، سیکرٹری صحت عامہ، وائس چانسلرز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو ڈگریاں دیں، طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انکے والدین اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ آزادکشمیر میں میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا،میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کے حوالہ سے معاملہ کابینہ میں اٹھاوں گا۔ انہوں نے کہاکہ فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کرتاہوں، آج یہ طلبہ اپنی ڈگریاں مکمل کر کے عملی زندگی میں داخل ہورہے ہیں،ان کے والدین اور استاتذہ خراج تحسین کے مستحق ہیں جن کی بدولت آج انہیں کامیابی ملی۔ انہوں نے کہاکہ ایم بی بی ایس مکمل کرنے والے طلبہ خدمت خلق کو اپنا شعار بنائیں اور بلاتفریق لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد نے وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان کی جانب سے ادارے کیلئے پندرہ لاکھ روپیکا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ محدود وسائل کے باوجود آزادکشمیر میں میڈیکل کے شعبہ کی ترقی کیلئے وسائل فراہم کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلریونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور پروفیسر احسن وحید نے کہاکہ فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد پیش کرتاہوں، آج وہ ڈاکٹر بن گئے ہیں اور ان کی ذمہ داریاں بھی بڑھ گئی ہیں، ڈاکٹر بننا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، فارغ التحصیل طلبہ نے اس عزت اور وقار کو سنبھال کر رکھنا ہے اور بلاتفریق انسانیت کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں نرسنگ کالج سمیت دیگر پوسٹ گریجویٹ پرواگرمز کے سلسلہ میں بھرپور تعاون کریں گے۔

وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہاکہ آج یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو جو کامیابی ملی ہے اس میں اصل کردار ان کے والدین اور پھر انکے اساتذہ کا ہے۔ آزادکشمیر کی میڈیکل پوسٹ گریجویشن میں مختص نشستوں میں اضافہ کیلئے اپنا کردار اادا کروں گا، آزادکشمیر کے طلبہ کو فرانزک،میڈیسن سمیت دیگر کورسز کروائیں گے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل آزادجموں وکشمیر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ملازم حسین بخاری نے کہاکہ ادارہ نے اپنے قیام کے بعد اعلیٰ کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور تعلیمی معیار میں یہ ادارہ بہت آگے ہے، آزادکشمیر میں میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کیلئے زمین الاٹ ہو چکی ہے اس کے قیام کیلئے حکومت تعاون کرے۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اس ادارہ نے دادو سندھ میں 25 گھر بنا کر دیے، دادو میں سڑک اور مسجد تعمیر کی۔ انہوں نے کہاکہ مظفرآباد میں پہلی کشمیر فرانزک لیب اور جنیٹک لیب قائم کرنے جارہے ہیں۔ کانووکیشن کے اختتام پر مہمان خصوصی خواجہ فاروق احمد، سیکرٹری صحت عامہ، وائس چانسلرز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور نے ادارہ کے فیکلٹی ممبران کو اعلیٰ کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close