آزاد کشمیر، بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کنونشن سنٹر اسلام آباد میں 22 مارچ کو منعقد ہو گی، صدر آزاد کشمیر مہمان خصوصی

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے آزادکشمیر میں 31سال بعد بلدیاتی نظام کی بحالی اور اختیارات کی نچلی سطح پرمنتقلی کی تاریخ ساز کامیابی کے حصول اورمیونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشنوں کے چیئرمین/وائس چیئرمین اورمیئرز /ڈپٹی میئرز کے انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ان نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کے اعزاز میں عظیم الشان استقبالیہ تقریب دی جائے گی۔

استقبالیہ تقریب کنونشن سنٹراسلام آباد میں بدھ 22مارچ کو دن ایک بجے منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی صدر آزادکشمیر بیرسٹرسلطان محمو د چوہدری ہوں گے۔ تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سینئرایڈیشنل سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ مسعودالرحمان کی زیرصدارت اجلاس کنونشن سنٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈوائزربرائے وزیراعظم سردارافتخاررشیدچغتائی، ڈائریکٹرجموں وکشمیرلبریشن کمیشن وکنوینراستقبالیہ کمیٹی راجہ سجاد لطیف خان، ڈائریکٹر نیشنل کوآرڈی نیشن ونگ لبریشن کمیشن راجہ خان افسر خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ سردارعقیل محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر منہاس, ڈی ایس پی اشتیاق گیلانی، اسسٹنٹ کمشنرمنیرقریشی، پروٹوکول آفیسرفیاض احمد، انچارج سوشل میڈیالبریشن کمیشن سردارنجیب الغفورخان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسعودالرحمان نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیرسردارتنویرالیاس خان کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کے شاندارانتظامات عمل میں لائے جائیں گے جس کے لیے وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کررکھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تمام یونین کونسلوں، تحصیل واضلاع اور شہروں میں تمام جماعتوں کے نومنتخب چیئرمین /وائس چیئرمین اور میئر/ڈپٹی میئر کو تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامی جاری کردیے گئے ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر آزادکشمیر بیرسٹرسلطان محموچوہدری ہونگے جبکہ وزراء حکومت، سول حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close