اے کے این ایس صدر، سیکرٹری جنرل کی قیادت میں اخباری مالکان کی سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب سے ملاقات، اخباری صنعت کے مسائل سے آگاہ ہیں، مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، سیکرٹری اطلاعات کی یقین دہانی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) اے کے این ایس صدر چوہدری امجد اور سیکرٹری جنرل ظہیر جگوال کی سربراہی میں اخباری مالکان نے سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال بھی موجود تھے۔ وفد میں وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سید ابرار حیدر، جنرل سیکرٹری اے کے این ایس ظہیر احمد جگوال ممبر پریس فاؤنڈیشن شہزاد راٹھور، اعجاز عباسی،سردار اعجاز، عابد عباسی شامل تھے۔

وفد نے سیکرٹری اطلاعات اورڈائریکٹر جنرل اطلاعات کو اخباری صنعت کے مسائل سے آگا ہ کرتے ہوئے بتایاکہ مختلف محکموں کے ذمہ 6کروڑ روپے بقایا جات ہیں۔ رقم بروقت نہ ملنے کی وجہ سے متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔ پیپرا رولز کے بعد اشتہارات نہ ہونے کے برابر ہیں۔روزافزوں مہنگائی،کاغذ، پلیٹ اور پرنٹنگ کے اخراجات میں کئی سو گنا اضافہ ہو نے کی وجہ سے اخبار چھاپنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ ترقیاتی بجٹ سے ایک فیصد کے حصول سمیت نارمل بجٹ میں بھی اضافہ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب نے وفد کو یقین دلایا کہ اخباری صنعت مسائل حل کریں گے۔ ان کا تحریک آزادی کے حوالہ سے بڑا کردار ہے۔ اخباری صنعت سے ہزاروں لوگوں کا روز گار وابستہ ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے بھی اخباری صنعت کو مضبوط کرنے کے حوالہ سے خصوصی ہدایت ہے۔ سیکرٹری اطلاعات نے وفد کو یقین دلایا کہ اخباری صنعت کے لیے اشتہارات ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اخباری صنعت کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ان مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close