کشمیری تکمیل پاکستان کی جدوجہد جاری رکھیں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر خطاب

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ایمان ہے ہمیں یہ ملک اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے ۔ ملک سپریم ہے باقی سب چیزیں اس کے سامنے بے معنی ہیں ۔ہمارے ملک میں بے انتہا پوٹینشل ہے یہ قوم دنیا کی بہترین قوم بننے کی صلاحیتوں سے مالا مال ہے ۔ ایوان بالا سینٹ کو گولڈن جوبلی کے موقع پر اپنی جانب سے اور کشمیری عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ بھارتی فوج کے سامنے بر سر پیکار کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ہمیں ان کے حوصلوں کو بلند رکھنا ہے اور ان کی آواز بننا ہے ۔وزیراعظم نے ایوان بالا سینٹ کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ ایسی تقریبات ملک و قوم کے حوالے سے اہمیت کی حامل ہوتی ہیں ایسے موقع پر اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا احاطہ کیا جاتا ہے تاکہ صیحیح سمت کا تعین کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنے ملک کی طرف آتے ہیں تو سر فخر سے بلند ہوتا ہے کلمہ طیبہ کی اساس پر قائم ہمارا پیارا وطن پاکستان ہمیں اپنی جان سے بھی پیارا ہے ،آزادی کیلیے ہم نے لازوال جدوجہد کی بابائے قوم کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے کمال جدوجہد کی آج میں بابائے قوم سمیت تمام آزادی کے لیڈروں اور رہنماؤں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ آئین کی جدوجہد میں بھی ہماری تاریخ ہے میں اس موقع پر چیئرمین سینٹ آپ کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ 56 اور 62 کے آئین میں طاقت کا ارتکاز متوازی نہیں تھا پھر قوم کو متفقہ آئین ملا جس کی وجہ سے ایوان زیریں اور ایوان بالا وجود میں آئے ۔انہوں نے کہا کہ قوم کی نمائندگی آپ بہتر انداز میں کر رہے ہیں آپ کو عوامی نمائندوں کا مینڈیٹ حاصل ہے ،پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے کشمیری ہونے کے ناطے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جدوجہد جاری رکھیں گے ایک او سی کے پار ہمارے بہادر کشمیری بھائی اور بہنیں تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ہمیں ان کے لئے کھڑا ہونا ہو گا اور ان کی آواز بننا ہو گا اس ایوان بالا سے ان کے لئے آواز بلند ہونی چاہیے تاکہ انکے حوصلے بلند رہیں ۔انہوں نے کہا کہ سینٹ کی پچاس سالہ تاریخ ہماری روایات کی امین ہے آج صادق سنجرانی کے پاس یہ مینڈیٹ ہے کل کوئی اور یوگا آج ہم ہیں کل ہماری جگہ کوئی اور ہو گا مگر تاریخ ہمارے کردار اور ہمارے کام کو یاد رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے حوالے سے ہمیں اہم کردار ادا کرنا ہو گا اس میں کسی قسم کی سیاسی تفریق نہیں ہونی چاہیے قومی سلامتی کے معاملے پر ہم سب کو ایک ہونا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ اپنے اداروں ہر اعتماد ہونا چاہیے ہمیں اپنے مسائل کا حل بھی مل جل کر نکالنا ہو گا ،پاکستان ہمارا ایمان ہے مقبوضہ کشمیر میں بہادر کشمیری نو لاکھ بھارتی فوج کا جرات سے مقابلہ کر رہے ہیں پارلیمینٹ نے کشمیریوں کے حق میں جو مشترکہ قراداد منظور کی تھی ہم اس پر آپ کے مشکور ہیں کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوے ۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں لیکن اسکو نظر انداز کرنا چاہیے ،مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی آس ہم ہیں ہمنے انکی آس کو ٹوٹنے نہیں دینا ہے ،قومی اسمبلی و سینیٹ انتہائی اہمیت کی حامل ہیں یہاں سے سارے فیصلے ہونے چاہیں ۔انہوں نے کہا کہ گولڈن جوبلی کے موقع پر پورے ملک کو مبارکباد دیتا ہوں ہم ایٹمی پاور ہیں یہی قوموں کی دنیا میں ہمارا سر فخر سے بلند کرنے کیلیے کافی ہے سبز ہلالی پرچم ک رنگ گنبد خضرا سے ملتا ہے انشاءاللہ پاکستان ہمیشہ رہنے کیلیے بنا ہے اور یہ تاابد یونہی جگمگاتا رہے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں