طلبہ و طالبات اپنے آبائی علاقے کا قرض فلاحی خدمت کر کے اتاریں آزاد کشمیر، یونیورسٹی آف کوٹلی کے کانوووکیشن سے صدر آزاد کشمیر کا خطاب

کوٹلی (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی کامیابی اور ترقی کا زینہ ہوتی ہے۔ آزادکشمیر میں جامعات کو معیار تعلیم بہتر کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کرنی ہونگی اور ہمیں عالمی معیار کے مطابق آزادکشمیر کی تدریسی درسگاہوں کو لانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانا ہونگی اس کے لئے جہاں اساتذہ کا اہم کردار ہے وہاں طلبہ و طالبات کو بھی محنت اورلگن سے آگے بڑھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں حکومت اپنی ہر طرح سے معاونت اور مدد فراہم کرے گی۔

مجھے خوشی ہے کہ میں آج یہاں بطور چانسلر کوٹلی یونیورسٹی کے چوتھے کانوووکیشن میں آپ لوگوں سے مخاطب ہوں اور میں اس پرمسرت موقع پر جہاں کامیاب طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتا ہوں وہاں پر گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں کو بھی خصوصی مبارکباد دیتا ہوں کہ اُن کی شب و روز محنت رنگ لائی اور آج کامیابی نے اُن کے قدم چومے۔آپ لوگ یہاں سے فارغ التحصیل ہو کر جہاں ملک و قوم کی خدمت کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے وہاں پر آپ کے آبائی علاقے کا بھی آپ پر ایک قرض ہے اور اُس قرض کو آپ وہاں اس صورت میں اُتار سکتے ہیں کہ آپ اپنے علاقوں اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔میں اپنے طورپر بھی بحیثیت صدر ریاست مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہوں۔چونکہ اب میڈیا اور سوشل میڈیا کا دور ہے آپ طلبا و طالبات بھی سوشل میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کوٹلی میں یونیورسٹی آف کوٹلی کے چوتھے کانوووکیشن کے موقع پر بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرکانوووکیشن میں وزیر مال چوہدری اخلاق، وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر ملک، وزیر صحت نثار انصر ابدالی، سیکرٹریز آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر، وائس چانسلرز آزاد جموں وکشمیر پبلک سیکٹر یونیورسٹیز، فیکلٹی ممبران، طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کوٹلی یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل کی تعمیر اور دیگر پروجیکٹس کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے بھی بات کی ہے اور پروجیکٹس جلدی پایہ تکمیل تک پہنچیں گے۔ آج مجھے یہاں یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں جامعہ کوٹلی سے طلبا و طالبات فارغ التحصیل ہو رہے ہیں آپ کی اس کامیابی میں جہاں آپ کے اساتذہ کا اہم کردار ہے وہاں اس میں آپ کے والدین کی دعائیں بھی آپ لوگوں کی کامیابی میں ساتھ تھیں۔

اس موقع پر میں والدین کو بھی آپ لوگوں کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس امید کا اظہار کرتا ہوں کہ یہاں سے ڈگری لینے والے طلبا و طالبات عملی زندگی میں معاشرے کے ایک مفید شہری ثابت ہونگے۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر و چانسلر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی نے سپاسنامہ میں یونیورسٹی میں جاری پروگرامز، پروجیکٹس، تعلیمی سرگرمیوں، ہم نصابی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ آج یہاں کوٹلی یونیورسٹی کے چوتھے کانوووکیشن میں 1033طلبا و طالبات کو ڈگریاں دی جا رہی ہیں جبکہ اسی طرح پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے 32طلبا و طالبات کو گولڈ میڈلز بھی دئیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیروچانسلر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباو طالبات کو گولڈ میڈلزدئیے۔ اس موقع پروائس چانسلر جامعہ کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ادار ے کی اعزازی شیلڈ بھی دی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں