مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔۔۔اجلاس میں ممبر قانون ساز اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور کی جانب سے توجہ طلب نوٹس میں کہا گیا کہ محکمہ قانون میں سیکشن آفیسر کی چار آسامیاں جن کی ریکوزیشن پی ایس سی میں بھیجی گئی ہے ان میں ضلع حویلی کہوٹہ کا کوٹہ شامل نہیں جس کے جواب میں وزیرقانون و پارلیمانی امور سردار فہیم اخترربانی نے کہا کہ ضلع حویلی کہوٹہ کے کوٹہ کے حوالہ سے معاملات کی جانچ پڑتال کریں گے اورضلع حویلی کہوٹہ کا کوٹہ مختص کریں گے۔
اجلاس میں متعدد قراردادیں پیش کی گئی۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد میں کہا گیا کہ ڈیجیٹل مردم شماری 2023اور آزادجموں وکشمیر کے خدشات ہیں۔ دنیا کے ہر ملک میں مردم شماری کو اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ کیونکہ اس سے آبادی کی تعداد اور اس کے مختلف طبقوں کی صحت، تعلیم، روزگار اور معاشی حالات وغیرہ کے بارے میں معلومات حاصل کی جاتی ہے اور انہی معلومات کی روشنی میں آئندہ کے لیے آبادی کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لیے منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ اکثر ممالک میں ہر دس سال بعد مردم شماری کی جاتی ہے۔ اس کے لیے حکومت کا ایک الگ شعبہ ہوتا ہے جس کا کام نہ صرف مردم شماری کے لی مطلوبہ انتظامات کر نا بلکہ مردم شماری سے حاصل اعداد و شمار کا تجزیہ کرنا ہوتا ہے۔ یکم مارچ 2023سے پاکستان کے زیر اہتمام خطوں میں پہلی ڈیجیٹل آبادی اور ہاؤسنگ مردم شماری کا آغاز کیا جا چکا ہے لیکن اس پر مختلف صوبوں بالخصوص سند ھ کے بھی خدشات ہیں وہاں کی حکمران پارٹی نے بھی اس پر صوبائی اسمبلی میں قرارداد منظور کرائی ہے لیکن آزادکشمیر اسمبلی کی خاموشی ناقابل فہم ہے۔ جس پر سپیکر قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالہ سے اگلے 72گھنٹوں میں حکومت اور اپوزیشن کے ممبران کو کہا کہ وفاقی حکومت سے جا کر ملیں،کمیٹی میں شامل ممبران میں شاہ غلام قادر، فیصل ممتاز راٹھور، دیوان علی خان چغتائی، سردار فہیم اختر ربانی شامل ہیں۔
اجلاس میں وقفہ سوالات کے ممبر اسمبلی سردار عامر الطاف کے سوال کے جواب میں وزیرقانون و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ تحصیل ہجیرہ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے لیے عملے کے حوالہ سے جو مسائل ہیں ان کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے۔ممبر اسمبلی کرنل وقار نو ر کے سوال کے جواب میں وزیر قانون و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے دوران سرکاری خزانہ پر کتنا بوج پڑھا اس حوالہ سے اسمبلی کو جلد ہی آگا ہ کر دیا جائے گا۔ ممبراسمبلی محترمہ نبیلہ ایوب کے سوال کے جواب میں وزیربہبود آبادی سردار محمد حسین نے کہا کہ سی سی آئی کی ریکمنڈیشن کے مطابق پاپولیشن ویلفیئر چل رہا ہے۔ پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح آزادکشمیر میں کوٹہ کے مطابق پہلے سے زیادہ ادویات مل رہی ہیں۔ 21 مارچ کو سی سی آئی کا اجلاس راولپنڈی میں ہونے جا رہا ہے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں