مظفر آباد، اے جے کے سپورٹس ویک کا افتتاح، چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے سٹروک کھیل کر سپورٹس ویک کا آغاز کیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر محمد عثمان چاچڑ نےاے جے کےسپورٹس ویک کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب نڑول کرکٹ اسٹیڈیم مظفرآباد میں منعقد ہوئی،چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے سٹروک کھیل کر سپورٹس ویک کا آغاز کیا۔آزادکشمیر میں سپورٹس ویک 20 مارچ تک جاری رہے گا اور اس دوران تمام تحصیلوں میں کرکٹ، والی بال،بیڈ منٹن،اتھلیٹکس، میراتھن، ریسلنگ ویگر کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔

سپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب آمد پر چیف سیکرٹری کا پرتپاک استقبال کیا گیا، آزادکشمیر سپورٹس بورڈ کے حکام اور جامعہ کشمیر کے طلبہ نے چیف سیکرٹری کو ویلکم کیا۔افتتاحی تقریب میں سیکرٹری سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر چوہدری محمد رقیب،ڈپٹی کمشنر مظفرآباد راجہ طاہر ممتاز سمیت سرکاری افسران، طلبہ و طالبات میڈیا اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نڑول اسٹیڈیم مظفرآباد میں مظفرآباد اسٹارز اور پاک آرمی کے مابین افتتاحی میچ کھیلا گیا۔ چیف سیکرٹری نے افتتاحی میچ بھی دیکھا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے فردا فردا ملے۔ افتتاحی میچ کے بعد پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مقامی فنکاروں نے کشمیری گیت پیش کیے۔ اس موقع پر غبارے بھی ہوا میں چھوڑے گئے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے کہاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے سپورٹس سرگرمیوں کا انعقاد بہت ضروری ہے ، شخصیت مکمل ہونے کیلئے ذہنی ، جسمانی ، روحانی ، معاشی اور معاشرتی فٹنس بہت ضروری ہے اور ایک صحت مند جسم یہ تمام چیزیں پوری کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سرگرمی کا باقاعدگی سے ہر سال ہونا چاہیے ۔ سپورٹس ویک کے انعقاد سے نیشنل گیمز کی بھی بھرپور تیاری ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کریں اور انکی حوصلہ افزائی کریں۔ محدود وسائل میں جتنا ممکن ہوسکا کھیلوں کی سرگرمیوں کوفروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ سپورٹس ویک کے کامیاب آغاز پر محکمہ سپورٹس کو مبارکباد دیتاہوں ۔ سیکرٹری سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر چوہدری محمد رقیب نے افتتاحی تقریب آمدپر چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویرالیاس خان کی خصوصی ہدایت اورانکے ویژن کے مطابق خطہ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے سپورٹس ویک کاآغاز کیا گیا ہے ۔

پہلے مرحلے میں سپورٹس ویک کے دوران تحصیل لیول پر کھیلوں کے مقابلے ہوں جس کے بعد ڈسٹرکٹ سپورٹس گالا ہوگا اور اس کے بعد مظفرآباد میں کشمیر گیمز کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ 15سے25مئی تک کوئٹہ میں نیشنل گیمز کا انعقاد ہونے جارہا ہے ، نیشنل گیمز کی تیاریوں کیلئے سپورٹس ویک معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے ہمیشہ آزادکشمیر کے ریموٹ ایریاز میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے ،اس ایونٹ میں بھی پاک آرمی نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے جس پر انکے شکرگزار ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک آرمی کی جانب سے میجر نجیب نے کہاکہ سپورٹس سرگرمیوں کی وجہ سے نوجوان صحت مند اور منشیات و دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رہتے ہیں ۔ انہوں نے لیفٹننٹ کرنل احسن ریاض کی جانب سے منتظمین کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب کے اختتام پر سیکرٹری سپورٹس اور پاک آرمی کی جانب سے چیف سیکرٹری کو سوینئر بھی پیش کیے گئے جبکہ مہمان خصوصی چیف سیکرٹری ، سیکرٹری سپورٹس اور ڈپٹی کمشنر نے ونر ، رنراپ اور مین آف دی میچ کے ایوارڈ بھی تقسیم کیے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں