آزاد کشمیر کے سیاحتی مقام اڑنگ کیل میں پاک فوج کے زیر اہتمام ونٹر سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام اڑنگ کیل میں پاک فوج کے زیر اہتمام ونٹر سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس کی اختتامی تقریب میں میجر جنرل محمد عرفان (ہلال امتیاز ملٹری) جنرل آفیسر کمانڈنگ مری ڈویژن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں حکومتِ آزاد کشمیر کے نمائندوں، سول و عسکری عہدیداران، ملک بھر سے آئے سیاحوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اڑنگ کیل میں ونٹر سپورٹس فیسٹیول 10 سے 12 مارچ تک منعقد کرایا گیا جس میں مقامی ٹیموں کے علاوہ چترال اور آزاد کشمیر بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد آرمی پبلک سکول کیل کے بچوں نے ملی نغمے، کلچرل شو اور ٹیبلوز پیش کیے۔ اس کے علاوہ مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے کشمیری، شینا اور پشتو گانوں کی دھنوں سے حاضرین کو مسحور کیا۔اس موقع پر کھلاڑیوں نے سنو بورڈنگ، ڈاؤن ہل سکی، رسہ کشی اور شِیپ لفٹ ریس کے مقابلوں میں حصہ لیا جس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو میڈلز، شیلڈ، تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیے گئے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل محمد عرفان نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ اپنے لوگوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے فیسٹیول میں آئے ہوئے سیاحوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے انہیں اپنے عزیز و رفقاء کو جنت نظیر وادی نیلم کی سیر کی دعوت دی۔ میجر جنرل محمد عرفان نے کہا کہ اڑنگ کیل سکی اور ونٹر سپورٹس کیلئے بہترین جگہ ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی حسن کی بقاء کیلئے ایکو ٹورازم کو پروموٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔

اہل علاقہ نے پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، مہمانوں اور معززین علاقہ کا کامیاب فیسٹول کرانے پر شکریہ ادا کیا۔ ونٹر سپورٹس ٹورازم فیسٹول میں پاکستان کے مختلف شہروں سے آئے سیاحوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سیاحوں اور مقامی آبادی نے پاک فوج کے زیر اہتمام اڑنگ کیل میں منعقدہ فیسٹیول کو خوش آئند قرار دیا۔توجہ طلب بات یہ ہے کہ آزاد کشمیر میں لوگ مختلف جشن منا کر زندگی کی مسرتوں سے محظوظ ہو رہے ہیں لیکن لائن آف کنٹرول کے اُس پار بھارتی زیر تسلط مقبوضہ کشمیر ظلم و بربریت اور وحشت و خوف کی تصویر بنا ہوا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close