چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم کا ترکش ایمبیسی کا دورہ، ترکیہ کے سفیر مہمت پیکاسی سے ملاقات، زلزلہ میں جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

اسلام آباد (پی این آئی) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کا ترکش ایمبیسی کا دورہ، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پیکاسی سے ملاقات،ملاقات میں چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ جمہوریہ ترکیہ کے جنوب مشرقی حصے میں آنے والے خوفناک زلزلوں نے آزاد جموں و کشمیر کی عوام کو شدید صدمے و غم میں مبتلا کر دیا ہے،اس افسوسناک سانحہ پر ہم جمہوریہ ترکیہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

چیف جسٹس آزاد کشمیر نے کہا کہ میں سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے معزز ججز، چیف جسٹس ہائی کورٹ آزاد کشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ و معزز ججز ہائی کورٹ و تمام جوڈیشری کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، ملاقات میں چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ طبعیت کی ناسازی کے باعث شرکت نہ کر سکے۔چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ ہم آزاد جموں و کشمیر کی عوام ترک بھائیوں کی 2005 کے زلزلہ کے بعد زبردست حمایت کو فراموش نہیں کر سکتے

جنہوں نے زلزلے کے بعد ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں بھرپور مدد کی،چیف جسٹس آزاد کشمیر نے ترکیہ کے پاکستان میں سفیر مہمت پیکاسی کوآزاد جموں و کشمیر کی عدلیہ کی طرف سے ترک بھائیوں کے لیے عطیہ کے طور پر سینتالیس لاکھ،سولہ ہزار،دوصد دس روپے اور بارہ لاکھ، گیارہ ہزار،انچاس روپے کے دو چیک عطیہ کئے، اس موقع پر شہدا زلزلہ کے لئے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ شہداء زلزلہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے اور ہم سب کو مستقبل میں ایسی قدرتی آفات سے محفوظ رکھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close