بیورو کریسی ریاست کا اثاثہ ہے، اپنے افسران کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ سب نے ملکر کر سسٹم کو آگے لیکر جانا ہے اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔بیوروکریسی ریاست کا اثاثہ ہے،اپنے افسران کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، جو بھی خدمات دے رہا ہے چاہے وردی میں ہے یا بغیر وردی اسکو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ریاست کی ترقی اور عام آدمی کی خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ریاست ملک کی دفاعی فصیل ہے۔

ہم کمزور پڑ گئے تو لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب کیا پیغام جائے گا، ایل او سی کے دوسری جانب کشمیری ہماری آس پر ہیں۔ ان خیالات کا اظہا ر وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے سیکرٹریز حکومت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری، ایس ایم بی آر سمیت جملہ محکمہ جات کے سیکرٹریز شریک تھے۔ سیکرٹریز حکومت نے اجلاس میں وزیراعظم کو آراء و تجاویز دیں جن کا وزیراعظم آزادکشمیر نے خیر مقدم کیا۔سیکرٹریز حکومت نے وزیراعظم آزادکشمیر کے ویژن کے مطابق ریاست کی ترقی، گڈگورننس اور میرٹ کے قیام کیلئے سردارتنویرالیاس خان کی قیادت میں بھرپور کام کرنے کا عزم کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ میرٹ کے حوالہ سے کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ جہاں میری ضرورت ہے بتایا جائے اور جہاں غلطی ہے اسکی بھی نشاندہی کریں۔ ہم نے سسٹم کو بہتر بناکر خطہ کو آگے لیکر جانا ہے اور ریاست کی بہتری کیلئے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیکرٹریز حکومت مختلف شعبوں میں خدمات دیکر آتے ہیں۔ میری رائے سیکرٹریز حکومت کے اقدامات سے بنتی ہے، حکومت سنبھالنے کے بعد سب سے کم ٹرانسفر پالیسی پر فوکس کیا جو جہاں بہتر خدمات انجام دے رہا ہے اسکی ستائش کی۔ انہوں نے کہاکہ ہر آدمی وہ کام تندہی سے کرے جس کے اسے پیسے ملتے ہیں، ہمیں ہرشخص کی عزت نفس کا خیال ہے۔اقتدار سنبھالنے سے لیکر آج تک بیوروکریسی کو بخوبی اندازہ ہوگا کہ ہماری کیا ترجیحات ہیں۔ قابلیت کسی بھی لیول پر ہو سکتی ہے، جس کا حق اسکو ملنا چاہیے اور اسی کا قائل ہوں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ تواتر کے ساتھ سیکرٹریزحکومت کے اجلاس کا انعقاد کیا جائیگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں