اسلام آباد(آئی این پی) واپڈا کے ایک لاکھ پچاس ہزار کارکنوں کی نمائندہ اور ملک کی سب سے بڑی مزدور تنظیم آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے زیراہتمام بجلی کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری اور 11کے وی فیڈرز اور ریڈنگ کے شعبوں کی آئوٹ سورسنگ، اشیائے صرف کی کمرتوڑ مہنگائی، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں ظالمانہ اضافے، بیروزگاری کے سیلاب، محکمہ بجلی میں سٹاف کی کمی اور بھرتیوں کے عمل میں غیر ضروری تاخیر اور واپڈاکارکنوں کو درپیش دیگرمسائل و مشکلات کے خلاف آج09مارچ2023 بروز جمعرات کو اسلام آباد میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
یونین کے سیکرٹری انفارمیشن سجاد حسین ساجد کے مطابق ملک کے چاروں صوبوں کی تمام بجلی کمپنیوں سے آنے والے واپڈا ملازمین کے قافلے جمعرات کی صبح 11بجے نیشنل پریس کلب کے سامنے جمع ہوں گے جہاں سے بزرگ مزدور راہنما اور یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل خورشید احمد، مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی (سندھ)، جوائنٹ صدر حاجی رمضان اچکزئی (بلوچستان)، چیئرمین گوہر تاج (خیبر پختونخوا)، آئیسکو کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ، ریجنل سیکرٹری عمران خان، سینئر وائس چیئرمین طارق نیازی، لیسکو یونین کے ریجنل سیکرٹری اسامہ طارق، صدر رانا عبدالشکور، مظفر متین، نوشیر خان، پیسکو کے ریجنل چیئرمین حاجی اقبال خان، ریجنل سیکرٹری نورالامین، گیپکو کے چیئرمین حاجی ولی الرحمن، فیسکو کے چیئرمین چوہدری سرفراز ہندل، میپکو کے چیئرمین چوہدری غلام رسول، سیپکو کے زاہد شاہ، حیسکو کے محمد اقبال اور دیگربجلی کمپنیوں کے عہدیداران اور مزدور راہنمائوںکی قیادت میں پرامن ریلی نکالی جائے گی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی جلسہ ہو گا۔ مظاہرے میں انجینئرز ایسوسی ایشن سمیت آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن (رجسٹرڈ)سے ملحقہ دیگر تنظیموںکے نمائندگان اورکارکن بھی شریک ہوں گے۔ دریں اثناء آئیسکو کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ نے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور جی ایس او سرکل کے تمام یونین عہدیداران اور کارکنوں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ میزبان کمپنی کے طور پر ملک بھر سے آنے والے واپڈا ملازمین کا شاندار استقبال کریں اورنجکاری و مہنگائی کے خلاف مظاہرے میں شریک ہو کر بھرپور اتحاد اور طاقت کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ واپڈا کوتباہی سے بچانے، مہنگائی کے خاتمے اور بجلی کے مہنگے ٹیرف سے بچنے کیلئے واپڈا کارکنوں کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں