عالمی یوم خواتین، مظفرآباد میں جموں و کشمیر لبریشن کمیشن اور پاسبان حریت کا مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) عالمی یوم خواتین کے موقع پرآزادجموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد آزادی چوک میں جموں وکشمیرلبریشن کمیشن اور پاسبان حریت کے زیرا ہتمام مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے عملی کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔آزادکشمیر کے سینئرموسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شریک تھیں۔

شرکاء نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی بربریت کے سامنے مردوں کے شانہ بشانہ برسرپیکارکشمیری خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے اور کشمیریوں کوانکاحق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا۔شرکاء کی جانب سے ہندوستان کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے عالمی اداروں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے کی اپیل کی گئی اور اسلام میں خواتین کے مقام اور تکریم پرروشنی ڈالی گئی۔تقریب میں شریک خواتین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔تقریب کے بعد آزادی چوک سے گھڑی پن چوک تک ایک بڑی ریلی بھی نکالی گئی۔ تقریب سے ممبر قانون ساز اسمبلی نثار عباسی، رہنماپی پی شوکت جاوید، چیئرمین پاسبان حریت عزیرغزالی، مسلم لیگ ن خواتین ونگ کی صدر مریم کشمیری، سمیعہ ساجد،فوزیہ حبیب،سائرہ چشتی، ام سارہ،میڈم شائستہ،وردہ منظور و دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی ہماری بہادر مائیں بہنیں اور بیٹیاں بھارتی سنگینوں کے سائے تلے آزادی کا علم بلند کیے ہوئے ہیں،اللہ پر یقین ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو انکا حق ملے گا۔مغرب میں بلی کا بچہ اگر گاڑی نیچے آجائے تو عالمی ادارے حرکت میں آجاتے ہیں لیکن انکو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا ظلم نظر نہیں آتا۔مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم و بربریت برپا ہے اسکی مثال نہیں ملتی، 1991 میں کنن پوشپوارہ میں خواتین کی اجتماعی آبروریزی کی گئی یہ انسانی تاریخ کا انتہائی افسوسناک اور دردناک واقعہ ہے جس کے مجرموں کو کوئی سزا تک نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر سے جو خواتین شادی ہو کر مقبوضہ کشمیر گئیں انہیں اپنے والدین سے نہیں ملنے دیا جارہا۔

اس موقع پر سینئر موسٹ وزیرخواجہ فاروق نے یوم خواتین،مقبوضہ کشمیر اور اسلام میں خواتین کے مقام کے حوالہ سے بہترین تقریر کرنے پر طالبہ وردہ منظور کو 5ہزار نقد انعام دیا اورطالبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قانون ساز اسمبلی نثار عباسی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی عظیم خواتین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیرکی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد آزادی میں شامل ہیں۔ عالمی اداروں اور تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں بسنے والی مظلوم عورتوں کے حقوق کیوں نظر نہیں آتے؟انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی رہنما شوکت جاوید میر نے کہاکہ خواتین کا سب سے بڑا مقام اسلام میں ہے، جن لوگوں نے بھی خواتین کی ترقی اور انکے حقوق کیلئے کام کیا انکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کنن پوشپورہ واقعہ میں 100 خواتین کی اجتماعی آبرو ریزی کی گئی جس کے مجرم آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں۔چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں، مودی حکومت ظلم و جبر سے تحریک آزادی کو دبانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری مائیں آزادی کیلئے اپنے بیٹے قربان کررہی ہیں۔کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close