چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم ، سپریم کورٹ کے ججز نے بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان اور سپریم کورٹ کے معزز ججز نے پودے لگا کر موسم بہار کی شجرکاری کا آغاز کر دیا۔ چیف جسٹس آزادکشمیرکے علاوہ جسٹس خواجہ محمد نسیم، جسٹس رضا علی خان، سپریم کورٹ بار کے سیکرٹری جنرل مقصود احمد سلہریا اور محترمہ نازیہ ایڈووکیٹ نے پودے لگائے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ درخت انسانیت کی بقا ء کے لئے لازمی ہیں۔ہمارا مذہب بھی درخت لگانے کی تعلیم دیتاہے۔

ہم سب کو چاہیئے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور موجودہ جنگلات کی حفاظت کریں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے اس کی ایک وجہ جنگلات کا بے دریغ کٹاؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کو چاہیے کہ تمام تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے طلبا اور طالبات کو ہر سال کم از کم ایک درخت لگانے اور اس کی پرورش کی ترغیب دے اور اس پالیسی پر عملدرآمد محکمہ تعلیم کے تعاون سے یقینی بنایا جائے۔ کشمیر دنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں سے ایک ہے اور اسکی بنیادی وجہ اس خطہ کا قدرتی حسن ہے جو جنگلات کا مرہون منت ہے۔ اس خطہ میں سیاحت کے مزید فروغ کے لئے لازمی ہے کہ پوری ریاست میں نئے جنگلات لگائے جائیں اور سابقہ جنگلات کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ آزاد کشمیر میں نئے جنگلات لگانا اور موجودہ قدرتی جنگلات کا تحفظ محکمہ جنگلات کے ساتھ ساتھ ریاست کے ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ میری خواہش ہے کہ بلین ٹری منصوبہ کے تحت مظفرآباد شہر میں دریا کے کناروں پر اور مظفرآباد سے کو ہالہ تک سڑک اور دریائے جہلم کے کنارے گھنے جنگل لگائے جائیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close