آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات سے عام آدمی کے مسائل حل ہونگے، صدر آزاد کشمیر کی میرپور کے نو منتخب میئر چوہدری عثمان خالد اور ڈپٹی میئر سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے اب عام آدمی کے مسائل حل ہونگے۔ جب میں نے صدر ریاست کے عہدے کا حلف اُٹھایا تو میں نے اس موقع پر اپنا ویژن دیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کرا کے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے چاہیے اورتب ہی عوامی مسائل حل ہونگے تو اب جبکہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہو چکا ہے اور اختیارات کی منتقلی عوامی سطح تک ہو چکی ہے

تو میں ایسے میں نو منتخب بلدیاتی نمائندوں جن میں چیئرمین، وائس چیئرمین، میئر، ڈپٹی میئر، کونسلرز سے کہوں گا کہ 31سال بعد آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن ہوا ہے لہذا اب بلدیاتی نمائندوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوامی مسائل اُن کی دہلیز پر حل کریں۔ میرپور کے لوگوں نے اپنی اعلیٰ بصیرت کو سامنے رکھتے ہوئے میرپور میں میئر کے لئے ایک نوجوان کو منتخب کیا جبکہ ڈپٹی میئر کے عہدے پر ایک تجربہ کار شخص کا انتخاب کیا۔ میرپور کے عوام کا کافی عرصے سے استحصال ہو رہا تھا لیکن اب جبکہ ضلع کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بھی منتخب ہو چکے ہیں تو میں ان عوامی نمائندوں سے کہوں گا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور میرپور میں بہتری کے لئے اپنا کردارادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں میرپور کے نو منتخب میئر چوہدری عثمان خالد اور ڈپٹی میئرمحمد رمضان چغتائی سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر میرپور کے نو منتخب میئرچوہدری عثمان خالد اور ڈپٹی میئرمحمد رمضان چغتائی نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ جس طرح میرپور کے عوام نے ہمیں منتخب کر کے ہم پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم انشاء اللہ اُن کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور عوامی مسائل کے حل کو اپنا شعار بنائیں گئے۔ اس موقع پر میرپور کے نو منتخب میئر چوہدری عثمان خالد اور ڈپٹی میئر محمد رمضان چغتائی نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے درخواست کی کہ وہ اُن کی عوامی مسائل کے حل کے لئے رہنمائی اور معاونت کرتے رہیں جس پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ میں ہر مرحلے پر آپ لوگوں کی رہنمائی کروں گا اور اسی طرح فنڈز کی فراہمی کے لئے بھی اپنا کردار ادا کروں گا تاکہ آپ لوگ عوامی فلاح و بہبود کے لئے پوری دلجمعی سے کام کر سکیں۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close