آزاد کشمیر، 23 خصوصی وہیل چیئرز این آئی آر ایم کے حوالے کر دی گئیں، وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے ادارے کے دورے کے موقع پر وعدہ کیا تھا

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن کے دورے کے دوران 2005 کے زلزلے میں معذور ہونے والی آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والی خواتین کیلیے خصوصی ویل چیئرز دینے کا اعلان کیا تھا ۔اس سلسلے میں مشیر سماجی بہبود و ترقی نسواں سردار محمد حسین نے 23 خصوصی ویل چیئرز ادارے کے حوالے کیں ۔اس موقع پر ڈائریکٹر سماجی بہبود اور ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ اور میڈیکل آفیسران بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر مشیر سماجی بہبود و ترقی نسواں سردار محمد حسین نے کہا کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی خصوصی ہدایت پر محکمے نے اپنے بجٹ سے ان ویل چیئرز کی خرید کی جو آج ادارے کے حوالے کی گئیں ۔انہوں نے خصوصی افراد کی بحالی پر توجہ دینے پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ادارے کی امداد جاری رکھے گی کیونکہ خصوصی افراد حکومت کی خصوصی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں ۔اس موقع پر ادارے NIRM کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے ادارے کے دورے کے دوران کمال شفقت کا مظاہرہ کیا اور خصوصی افراد کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں اپنی بھرپور اعانت کا یقین دلایا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں