انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص امریکہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ممبران اسمبلی کے اعزاز میں عشائیے سے بیرسٹر سلطان محمود کا خطاب

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی انتہاء کو پہنچ چکی ہے۔ لہذا ایسی صورتحال میں انٹرنیشنل کمیونٹی کومقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے کے لئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ امریکہ اور کیلیفورنیا کا انسانی حقوق پر بہترین ٹریک ریکارڈ ہے لہذا وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی رکواتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھی اپنا رول ادا کریں۔

پاکستان اور بھارت تیسری دنیا کی دو ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ خود امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن نے بھی کہا تھا کہ کشمیر دنیا کا خطرناک ترین ریجن ہے لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص امریکہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ممبران اسمبلی کے ایک وفد کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ممبران اسمبلی جن میں ممبر کیلیفورنیا اسمبلی کرس ہولڈن (Chris Holden)،ممبر کیلیفورنیا اسمبلی ونڈی کریلو(Wendy Carrillo)،ممبر کیلیفورنیا اسمبلی مائیک اے جپسن(Mike A. Gipson)، میلانی ہولڈن(Melanie Holden)، ریز سن(Reyes Son)، اینا گاڈرڈ(Anna Goddard)، ولی آرمسٹرانگ(Willie Armstrong)کے علاوہ امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے کانگریس کے لئے امیدوارڈاکٹر آصف محمود، خالد محمود، اکبر محمود، خالد نذیر، محمد الیاس، فاروق ملک، عامر خان، ثناء خان، نواز ٹوانہ، منیر اختر، ریحانہ اختر، احمد رضا قادری، فاروق ارشاد، ملک عابداور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کیلیفورنیا کے ممبران اسمبلی کا ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب آئندہ پاکستان آئیں تو وہ مظفرآباد کا بھی دورہ کریں تا کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر کی اصل صورتحال کا موازنہ کر سکیں اور اپناموقف دنیا کے سامنے دے سکیں۔ میں آپ لوگوں سے کہوں گا کہ آپ کیلیفورنیا کی اسمبلی اور امریکی سینٹ سمیت دیگر فورمز پر بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کو رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی آواز موثر انداز میں اُٹھائیں۔ اس موقع پرممبران کیلیفورنیا اسمبلی نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ کیلیفورنیا اسمبلی سمیت دیگر فورمز پر بھی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کو رکوانے کے لئے مدد کریں گے۔ اس موقع پر ممبران کیلیفورنیا اسمبلی کے وفد نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو کیلیفورنیا کے دورے کے دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب وقت پر کیلیفورنیا کا دورہ کریں گئے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close