مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان اور گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ بیرسٹر خالد خورشید کے درمیان ملاقات کے دوران شونٹر ٹنل بنانے کے منصوبے کے حوالے سے اتفاق رائے سامنے آیا ہے۔اس منصوبے کی اہمیت اور افادیت کو جانتے ہوے آزادکشمیر حکومت نے منصوبے کی جانکاری اور سپرویژن کیلیے وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی ہے۔
وزراء حکومت چوہدری محمد رشید،چوہدری اظہر صادق،سردار فہیم اختر ربانی،چیف سیکرٹری آزادکشمیر،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس اس کمیٹی کے رکن ہونگے۔کمیٹی آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں اور وفاقی وزارت کمیونیکیشن اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ساتھ قریبی روابط رکھے گی۔کمیٹی گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے نامزد کی جانے والی اسی طرز کی کمیٹی کے ساتھ بھی رابطہ رکھے گی۔کمیٹی اس منصوبے کے سلسلے میں حکومت پاکستان اور آزادکشمیر و گلگت بلتستان کی حکومتوں کے درمیان اشتراک کے امکانات کا جائزہ لے گی۔کمیٹی مقصد کی تکمیل کیلیے ماہرین کو اس میں شامل کر سکتی ہے۔کمیٹی مقصد کے حصول کیلیے لائحہ عمل کو تبدیل بھی کر سکتی ہے۔شونٹر ٹنل کا منصوبہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کیلیے اہمیت کا حامل ہے۔اس منصوبے کی تکمیل سے گلگت سے اسلام آباد کے سفر میں آٹھ گھنٹے کی کمی واقع ہوگی اور اس روٹ پر بہترین سیاحتی و معاشی سرگرمیاں حاصل ہونگی جن سے دونوں علاقوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں