آزاد کشمیر کے 10 میں سے 7 چیئرمین ضلع کونسل کی نشستوں پر پی ٹی آئی کی کامیابی عمران خان کے نظریے کی جیت ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی مبارکباد

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیرو صدرپاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ضلع،سٹی و یونین کونسل کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی لینڈسلائیڈ کامیابی پر پی ٹی آئی کارکنان کو مبارکباددی۔آزادکشمیر کے 10 میں سے7 اضلاع میں چیئرمین ضلع کونسل پر تحریک انصاف کی کامیابی عمران خان کے نظریے کی جیت ہے۔بلدیاتی انتخابات کے بعد خطہ میں تعمیر وترقی کاعمل تیز ہوگا۔

بلدیاتی انتخابات میں کامیابی عوام کا پی ٹی آئی حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے، میئرشپ میں بھی پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے کامیاب ہونے والے امیدواران کو مبارکبادپیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کہ ویژن اور مشن کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے 32 سال بعد آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا اور اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا۔تحریک انصاف کی حکومت نے32 سال کے بعد بنیادی جمہوری ادارے فعال کیے۔ ضلع،سٹی و یونین کونسل کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے نومنتخب ممبران کومبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ممبران ذمہ داریوں کا حلف اٹھانے کے بعد ان اداروں کی فعالیت کے لیے کردار ادا کریں گے۔ تمام نو منتخب چیرمین وائس چیئرمین میئر اور ڈپٹی میئرز کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آزادکشمیر میں بنیادی مسائل کے حل کا واحد ذریعہ بلدیاتی ادارے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ان اداروں کو تمام وسائل اور اختیارات مہیا کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضلع کونسل،میونسپل کارپوریشنز،میونسپل کمیٹیز اور ٹاؤن کمیٹیز،یونین کونسلز کے نمائندگان کو اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔حکومت نے نوجوانوں،خواتین،مزدور اور کسانوں کو بھی بلدیاتی اداروں میں بھرپور نمائندگی دی ہے۔

نوجوانوں کی آبادی کل آبادی کا 60فیصد ہے اور ان کی اکثریت تحریک انصاف سے وابستہ ہے،آج کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو تحریک انصاف سے ہی امیدیں وابستہ ہیں اور تحریک انصاف ترقی یافتہ،خوشحال اور استحصال سے پاک معاشرے کے لیے نوجوانوں کی توقعات پر اترنے کی کوشش کررہی ہے۔بلدیاتی نظام جمہوریت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتا ہے اور اس نظام کی مضبوطی سے پارلیمانی جمہوری نظام کو تقویت ملے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں