وزیرِ اعلی گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید کی وزیر اعظم ہاؤس آمد، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سے ملاقات اور تبادلہ خیال

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیرِ اعلی گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید کی وزیر اعظم ہاؤس مظفرآباد آمد۔وزیراعظم ہاؤس مظفرآبادپہنچنے پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے وزیراعلیٰ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ موسٹ سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد، وزراء حکومت عبدالماجدخان،سردار محمد حسین،سردار فہیم اختر ربانی،دیوان علی چغتائی،چوہدری محمد رشید،حافظ حامد رضا اورسیکرٹریز حکومت نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی گللت بلتستان بیرسٹر خالد خورشیدنے کہا کہ مضبوط اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان مسئلہ کشمیر کی بہتر طور پر وکالت کر سکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام گزشتہ سات دہائیوں سے درندہ بھارتی فوج کے ظلم و جبر کا مقابلہ جس دلیری و جرات سے کر رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔جب تک مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمان بہن بھائیوں کو آزادی کی نعمت مل نہیں جاتی پاکستان، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے لوگ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ہم مقبوضہ کشمیر کے نہتے بہن بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ہم جب حکومت آزادکشمیر سے ملتے ہیں تو مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیرکی سربراہی میں مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لئے دوبارہ سے لائحہ عمل طے کر کے ٹھوس اقدامات کریں گے تاکہ کشمیریوں کی آواز ساری دنیا تک پہنچا سکیں۔ گزشتہ ادوار کی نسبت اس بار حکومت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومت کا رابطہ بہت مضبوط ہے جس کا تمام ترکریڈٹ وزیراعظم آزادکشمیر کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے مابین تاریخی روابط بحال کرنے کے لئے حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے دونوں خطوں کو جوڑنے کے لئے ٹنل کے حوالے سے بھی کام کیا جائے گا تاکہ دو طرفہ روابط میں آسانی ہو۔پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور اسکے قیام کی بنیادلا الہ الا اللہ ہے۔پاکستان دنیا بھر میں ان مسلمانوں کے حقوق کی نمائندگی کرتا ہے جن کے حقوق پامال ہوئے ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہا۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہمارے اپنے خطے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی افواج کی جانب سے انسانیت سوز ظلم و جبر کے حوالے سے ہم آل پارٹیز کانفرنس کے سلسلہ میں مشاورت کر رہے ہیں جس میں سرحد پار کشمیری رہنماؤں کے ساتھ مل کرمشترکہ لائحہ عمل طے کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر کی جانب سے گلگت بلتستان کے لوگوں کے لئے پہلی دفعہ مظفرآباد میں گلگت بلتستان ہاوس بنانے کے لئے 20 کنال اراضی مختص کی گئی ہے اور طے پایا گیا کہ ماہ رمضان سے پہلے وزیر اعظم آزادکشمیر اور کابینہ کوگلگت بلتستان کا دورے کی دعوت دیں گے۔ کشمیر ہاؤس کے لئے جگہ مختص کریں گے۔تاکہ گلگت میں کشمیرہاؤس قائم کیا جا سکے۔ اور ثقافتی ہم آہنگی کے لئے دونوں خطے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔دونوں خطوں کی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے اہمُ تہواروں پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔…

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close