وکلاء اور سول سوسائٹی آئین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا کراچی بار ایسوسی ایشن سے خطاب

کراچی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نےکہا ہے کہ ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کا ختم کیا جانا اقوام متحدہ کی قرارداوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور کشمیریوں کے ساتھ نا انصافی ہے،کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے۔ عالمی برادری کو مسلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہاروزیراعظم آزاکشمیر سردار تنویر الیاس نے کراچی بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی سپیکرآزادکشمیر چوہدری ریاض احمد، وزراء حکومت عبدالماجد خان، چوہدری محمدرشید،سردار فہیم اخترربانی، پارلیمانی سیکرٹری پیرسید مظہر شاہ ودیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آئین اور قانون کی حکمرانی سے ملک میں ادارے مضبوط ہوتے ہیں۔ وکالت جیسا مقدس کوئی دوسرا پیشہ نہیں، معاشرے میں حق دار کو حق دلانے والے صرف وکلاء ہیں۔وکلاء اور سول سوسائٹی آئین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ ہر شہری کو انصاف مل سکے معاشرے میں اخلاقی تنزلی سے خرابیاں بڑھتی ہیں۔ طاقت کے زور پر ہر شہری کو پابند نہیں کیا جا سکتا بلکہ قانون پر عملدرآمد کروانے کے لیے سماجی ذمہ داری کا احساس دلانا بھی حکومت اور اسکے ادروں کی ذمہ داری ہے۔ مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان گزشتہ سات دہائیوں سے طاقت کے نشے میں منہ زور ہو کر دیدہ دلیری سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتا آرہاہے،مقبوضہ وادی کے اندر انسانی حقوق کی پامالیوں کا بازار گرم کر رکھا ہے جس پر عالمی طاقتوں کی خاموشی فکر انگیز ہے،مقبوضہ کشمیر کی مائیں بیٹیاں اور بہنیں سبز ہلالی پرچم لہرا کر ہندوستانی مسلح افواج کو چیلنج کرتی ہیں،کشمیری مائیں استقامت، صبر اور قربانیوں کا پیکر ہیں۔ہندوستان کے 27 ملین مسلمان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر خاموش رہ کر مردہ ضمیر ہو چکے۔ہندوستانی کروڑوں مسلمانوں کو کشمیریوں جیسی غیرت کی ضرورت ہے۔22 کشمیری مسلمانوں نے اذان کی تکمیل اور باجماعت نماز کی ادائیگی کیلئے شہادتیں دے کر قربانیوں کی تاریخ رقم کی۔او آئی سی اور عالمی برادری کشمیریوں کا ساتھ دے تو ہندوستان سے کشمیر کو آزاد کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کی جدوجہد پر فخر ہے۔کراچی بار ایسوسی ایشن میں 18 ہزار ممبران میں سے 1 ہزار کے قریب کشمیری وکلاء بھی شامل ہیں۔با رایسوسی ایشن کے ممبران کو مسئلہ کشمیر کا سفیر بنا کر بیرون ملک بھیجیں گے،ممبران بار ایسوسی ایشن وکلاء پر مشتمل ایک کمیٹی جو ایشیاء، مڈل ایسٹ اور یورپ کے ممالک کے دورے کریں اور وہاں کے پارلیمنٹیرینز انسانی حقوق کی تنظیموں کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا چہرہ ہے اور یہ بار ایسوسی ایشن سب سے پرانی بار ہے۔کراچی کے وکلاء کی جدوجہد کا معترف ہوں،اس بار ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے میں نے بطور وکیل پریکٹس بھی کی ہے،کراچی بار ایسوسی ایشن کے 25 وکلاء کو سندھ کے کیسز میں لیگل ایڈوائزر بنائیں گے۔کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ممبران آزادکشمیر آئیں، حکومت بھرپور میزبانی کرے گی،مظفرآباد میں رمضان سے قبل دو روزہ کانفرنس کا اہتمام کریں گے جس میں کراچی بار ایسوسی کو شرکت کی دعوت دیں گے۔اس سے پہلے جب وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کراچی بار آمد پر صدر عامر سلیم، جنرل سیکرٹری وقار عالم سمیت وکلا کمیونٹی نے وزیراعظم کا والہانہ استقبال کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close