سندھ حکومت زرعی ضروریات کیلئے آزاد کشمیر حکومت کو دو لاکھ کنال اور کراچی میں مقیم کشمیری کمیونٹی کی آبادکاری کیلئے 10 ہزار کنال اراضی فراہم کرے، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات میں تجویز

کراچی ( پی آئی ڈی) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کی وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات۔ ایوان وزیر اعلی آمد پر وزیراعظم آزادکشمیر کا وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ استقبال کیا۔ وزیراعلی سندھ نے سردار تنویر الیاس خان اور وفد اراکین کو سندھ کی ثقافتی اجرک اور ٹوپی پیش کی۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے وزیر اعلی سندھ سے ملاقات میں ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اوردہشت گردی کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے مظفرآباد میں سندھ ہاوس تعمیر کرنے کیلئے 22 کنال اراضی مختص کیے جانے کا نوٹی فکیشن وزیراعلی سندھ کے حوالے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وزیراعلی سندھ کو تجویز پیش کی کہ زرعی ضروریات پوری کرنے کیلئے حکومت سندھ آزادکشمیر حکومت کو دو لاکھ کنال زمین مہیا کرے جبکہ کراچی میں مقیم کشمیری کمیونٹی کی آبادکاری کیلئے 10 ہزار کنال اراضی بھی فراہم کی جائے۔ سردار تنویر الیاس خان نے حکومت سندھ کو آفر پیش کی کہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کریں ہم ٹیکسز اور بحلی میں رعایت دینے سمیت تمام ضروری سہولیات مہیا کریں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ سیاحت اور پن بجلی کے منصوبے دونوں حکومتیں مل کر شروع کریں تو معاشی خوشحالی کیساتھ روزگار کے وسیع مواقع بھی میسر آسکتے ہیں۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی تجاویز پر رضامندی کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے مکمل رپورٹ مرتب کرتے ہوئے دی جائے تاکہ اس پر فوری عمل ممکن بنایا جا سکے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے وزیراعلی سندھ کو آزادکشمیر دورے کی دعوت دی جو وزیراعلی سندھ نے قبول کر لی۔ ملاقات میں آزادکشمیر میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور ںر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر کے ہمراہ آزاد کابینہ کے وزراء حکومت ماجد خان۔چوہدری محمد رشید۔سردار فہیم ربانی ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض۔ پارلیمانی سیکرٹری پیر مظہر سعید۔جاوید بٹ معاون خصوصی ہمراہ وزیراعظم راجہ سبیل ریاض۔ پولیٹیکل ایڈوائزر افتخار رشید ۔سابق وزیر سلیم بٹ کے علاوہ سردار احمد صغیر، کشمیری صحافی صدر سنٹرل پریس کلب واحد اقبال بٹ۔ سینئر صحافی طارق نقاش اور امیر الدین مغل بھی موجود تھے۔۔۔۔

close