امریکہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کی جانب بین الاقوامی برادری کی توجہ دلانے کے لیے کردار ادا کریں، صدر آزاد کشمیر کی بیرسٹر سلطان محمود کی اوورسیز کشمیریوں کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بیرون ملک آباد کشمیری بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیریوں کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیرکے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مبذول کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ میں نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ میں بھی اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سمیت امریکی کانگریس مین، امریکی سینیٹرز اور امریکی وزارت خارجہ میں ملاقاتیں کر کے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی ہے اور اس سے انٹرنیشنل کمیونٹی اب کشمیریوں کا موقف سمجھنا شروع ہو گئی ہے۔

لہذا اوورسیز کشمیریوں کی یہ دوہری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا تک پہنچانے کیلئے اپنا رول ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں امریکہ کے اوورسیز کشمیری عرفان الحسن اور دیگر کے ایک وفد سے تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جارحانہ انداز میں اُجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں چونکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے آئے روز بڑے پیمانے پر تبدیلیاں شروع کر دی ہیں جس سے وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ لہذا مودی کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لئے بیرون ملک بالخصوص امریکہ میں آباد کشمیری اپنا رول ادا کرتے ہوئے انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کی جانب مبذول کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر عرفان الحسن نے جنہوں نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران بوسٹن میں صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں ایک بڑے جلسہ عام کا اہتمام کیا تھا نے دوبارہ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اُن کے آئندہ دورہ امریکہ کے دوران بوسٹن کے دورے کی دعوت دی جو صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کر لی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close