کراچی (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر او آئی سی ہمارے ساتھ کھڑا ہو تاکہ ہم کشمیریوں کو آزادی دلانے کیلئے ملکر اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو مجبور کریں کہ کشمیر کے نہتے بہن بھائیوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دلایا جا سکے اور تکمیل پاکستان کا ادھورا خواب پورا ہو سکے ۔
پاکستان تنازعہ کشمیر کے حوالے سے بنیادی فریق اور ہمیشہ سے کشمیریوں کیساتھ مکمل یکجہتی کرتا آیا ہے۔ ہندوستان کے مسلمانوں کو کشمیریوں جیسے ایمان اور غیرت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ موجودہ ملکی صورتحال پر تمام سیاسی اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو ایک ساتھ بیٹھنا ہو گا۔ پاکستان میں سیاسی استحکام کیلئے ہم تمام سیاسی قیادت کے درمیان دوریاں کم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ صدر پاکستان کا عہدہ مقام اور مرتبہ سب سے بڑا ہے ان کے کسی بھی اقدام کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر نے کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو انتخاب کا حق دیں تاکہ عوام ہی اپنے مینڈیٹ سے اگلی حکومت کا فیصلہ کرے۔ پاکستان کو سوٹزرلینڈ، جرمنی، چین اور دیگر ملکوں کی طرح ڈالر کی غلامی سے نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا استحکام ملک کا استحکام ہے۔ کراچی والوں نے دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے درد اور غم سہے ہیں۔ کراچی پاکستان کا چہرہ ہے اور کشمیریوں پر اہلیان کراچی کے بے شمار احسانات ہیں۔ ملک کی سلامتی اور سیکیورٹی مسلحہ فورسز کے ساتھ مشروط ہے۔ ہماری فورسز نے ملک کیلئے لاکھوں جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔کراچی پریس کلب میں کشمیر کارنر بنائیں گے اور کراچی کے صحافیوں کو بیرون ملک کشمیریوں کا سفیر بنا کر بھیجیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کراچی کے صحافی آزادکشمیر آئیں اور کشمیریوں کی آواز بنیں ہم تمام صحافیوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں بھرپور چھوٹ دے رہے ہیں۔ کراچی اور سندھ کے سرمایہ کار آزادکشمیر آئیں حکومت بھرپور معاونت فراہم کریں گی۔آزادکشمیر میں پن بجلی،سیاحت اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔ میٹ دی پریس کے موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر کے ہمراہ ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض احمد۔ وزراء حکومت چوہدری رشید۔ عبدالماجد خان۔ فہیم ربانی۔ پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ ۔ پیر مظہر شاہ سمیت معاونین خصوصی اور سینئر بیروکریٹس کے علاوہ کشمیری صحافیوں کا وفد بھی موجود تھا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں