مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کی ویلفیئر اینڈ فنانس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی / سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری پریس فاؤنڈیشن / ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے سیکرٹری اطلاعات / چیئرمین ویلفیئر اینڈ فنانس کمیٹی کو پریس فاؤنڈیشن کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ پریس فاؤنڈیشن صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے متحرک ہے اور فلاح و بہبود کی رقم میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
جس پر سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب نے اظہار مسرت کرتے ہوئے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔ اجلاس میں ممبران پریس فاؤنڈیشن کیلئے 29 لاکھ 48 ہزار روپے کی خطیر رقم کی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سید ابرار حیدر نے چیئرمین کمیٹی کی توجہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی جانب سے اعلان کردہ 7 کروڑ کی رقم کی جانب بھی مبذول کرائی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی / سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بالخصوص تعلیم و علاج معالجہ کے سلسلے میں رقوم کی فراہمی کیلئے پریس فاؤنڈیشن کے مالی انتظام و انصرام پر مسرت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ میڈیا نمائندگان کا خوشحال ہونا ضروری ہے۔ حکومت کی ہدایت کے مطابق صحافیوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پریس فاؤنڈیشن کے وسائل میں اضافہ ناگزیر ہے۔ اجلاس میں ممبران پریس فاؤنڈیشن کے حق میں 17 لاکھ 47 ہزار 755 روپے جب کہ فوت شدہ ممبران پریس فاؤنڈیشن صحافیان کرام کے لواحقین کے حق میں 4 لاکھ روپے فی کس، مجموعی طور پر 3 صحافیان ممبران پریس فاؤنڈیشن کے لواحقین کو 12 لاکھ روپے دیے جانے سے اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں ناظم اطلاعات / سیکرٹری پریس فاؤنڈیشن راجہ اظہر اقبال، وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سید ابرار حیدر، ممبران ویلفیئر کمیٹی عارف کشمیری، خواجہ سرفراز احمد بانڈے،اسسٹنٹ سیکرٹری پریس فاؤنڈیشن سید بشارت حسین کاظمی، معاون پریس فاؤنڈیشن راجہ سجاد بھی موجود تھے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں