آزاد کشمیر، وزیر اعظم تنویر الیاس نےسینئر حریت رہنما سید فیض نقشبندی کو تحریک آزادی کے لیے اپنا اعزازی معاون خصوصی مقرر کر دیا

اسلام آباد(پی آئی ڈی) 15 فروری 2023وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے سینئر حریت رہنماء کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق کنونئیر سیدفیض حسین نقشبندی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق کنوینئر سید فیض حسین نقشبندی کو تحریک آزادی کیلیے اپنا اعزازی معاون خصوصی مقرر کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم و ستم کی داستان نہ صرف دل دہلا دینے والی ہے بلکہ اقوام عالم کے بنائے گئے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی بھی ہے۔ بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم برداشت کی حدوں سے تجاوز کر چکے ہیں۔ بچے، بوڑھے، جوان، مرد وخواتین غرض کوئی بھی بھارتی جارحیت سے بچ نہیں سکا۔انہوں نے کہا کہ ہم آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی بلائیں گے جس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندگان کو بھی خصوصی دعوت دی جائے گی اس دن کا ایجنڈا صرف کشمیر ہو گا اور اس حوالے سے خصوصی قراداد منظور کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے مسلم امہ یکجا ہو کر کشمیریوں کیلیے آواز بلند کرے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک خاص کر ویٹو پاور کے حامل ملکوں میں کشمیر پر سفارتکاری تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام جو کہ ایک طویل عرصے سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور پرامن احتجاج کے ذریعے دنیا کو بھارتی جارحیت اور اپنی آزادی کے حصول کی تگ و دو سے آگاہ کر رہے ہیں، وہ کسی صورت بھی اپنے حقِ آزادی سے دستبردار نہیں ہو سکتے۔سابق کنونئیر کل جماعتی حریت کانفرنس سید فیض حسین نقشبندی نے اس موقع پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ باہم ملکر اس سمت میں ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے -اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد، وزیر تعلیم سکولز و ٹیوٹا دیوان علی چغتائی، وزیر برائے فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان، ممبر کشمیر کونسل شجاع خورشید راٹھورمعاون خصوصی راجہ سبیل ریاض و دیگر موجود تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close