اسلام آباد () صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اوور سیز کشمیریوں کے آزاد کشمیر اور میرپور میں مسائل کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ حل کیا جائے گا۔
مجھے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران اوور سیز کشمیریوں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور ہم انشاء اللہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے کیوں کہ اوور سیز کشمیری ایک بڑا زر مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں جو کہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لہذا اوور سیز کشمیریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے براہ راست میں خود نگرانی کروں گا۔ میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر اداروں میں بیرون ملک آباد کشمیر کے مفادات پھنسائے گئے ہیں انہیں میں خود حل کروں گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں رادھرم (برطانیہ) کے میئر تجمل خان سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا اس موقع پر ملاقات میں ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری قاسم مجید اور رادھرم کے سابق میئر شوکت علی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر رادھرم کے میئر تجمل خان نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مبذول کروانے کے لیے رادھرم کونسل میں ایک قرارداد پیش کریں گئے اور اس قرارداد کو پیش کرنے اور اس کی تیاری سمیت دیگر معاملات پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے راہنمائی حاصل کریں گے۔ اس موقع پر رادھرم کے میئر تجمل خان نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو رادھرم کے دورے کی دعوت دی جو صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کر لی، دورے کی تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اوور سیز کشمیری ہمارا اثاثہ ہیں اور ہم ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اوور سیز کشمیری مسئلہ کشمیر کوبیرون ممالک میں جارحانہ انداز میں اٹھانے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کے لیے اپناکردار ادا کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں