سٹیٹ بنک نے بینک آف آزاد جموں کشمیر کو شیڈول بنک کا درجہ دینے پر رضامندی دیدی

اسلام آباد آئی ڈی) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے ریاست کو مالی خودمختار بنانے کی کاوشوں نے رنگ لانا شروع کر دیا۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان نے بینک آف آزادجموں کشمیر کو شیڈول بنک کا درجہ دینے پر رضامندی دیدی۔گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے بینک آف آزاد جموں کشمیر کو لائسنس اجراء کرنے کے موقف سے اصولی اتفاق کر لیا۔

گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد سے وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو عبدالماجد خان اور اے جے کے بنک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خاور سعید نے ملاقات کی۔اس موقع پر گورنر سٹیٹ بنک نے کہا کہ بینک آف آزادجموں کشمیر بطور مالیاتی ادارہ ترقی کی جانب گامزن رہتے ہوئے ریاست کی معاشی وسماجی ترقی میں کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں کشمیر بہت جلد ترقی کی نئی منازل طے کرتے ہوئے کامیاب ترین بینکوں کی صف میں شامل ہو جائے گا۔وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے گورنر سٹیٹ بنک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ سمند پار کشمیری تارکین وطن کی گہری وابستگی ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے اس مالیاتی ادارے کو مکمل تعاون حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بالخصوص سمندر پار تاکین وطن کشمیریوں وکارپوریٹ سیکٹر کی بینک کو شیڈول کا درجہ دینے کی شدید خواہش ہے۔انہوں نے کہا کہ بینک کو حکومت پاکستان کے پن بجلی، سیاحت، معاشی طور پر خواتین کو بااختیار بنانے، زراعت و ہاؤسنگ جیسے خصوصی منصوبوں میں شامل کرنے سے بینک کی ترقی میں تیزی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے لائسنس کے اجراء، رہنمائی و تعاون کے لئے فوکل پرسن کی نامزدگی اور اسلام آباد میں بینک کے کارپوریٹ دفتر کھولنے کے مثبت کاروباری نتائج برآمد ہوں گے۔گورنرسٹیٹ بینک کو صدر بینک خاور سعید کی جانب سے انتظامی ڈھانچے، نیٹ ورک اور صارفین تک رسائی، فنانشل ترقی کی صورتحال سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close