اسلام آباد ( پی آئی ڈی ) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان سے سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان اور سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔یہ ملاقات گزشتہ روز پارلیمینٹ ہاؤس کی لابی میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان سے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات کے تناظر میں ہوئی ۔
تیںوں رہنماؤں نے پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس سے کشمیر پر متفقہ قرارداد پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ قراداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس سے دنیا بھر میں یہ پیغام گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے اور جنوبی ایشیاء میں اسوقت تک پائیدار قیام امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جائے گا ۔تینوں رہنماؤں سے اس بات سے اتفاق کیا کہ جس طرح پارلیمینٹ نے قومی معاملے پر یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور متفقہ قرارداد منظور کی اسی طرح کشمیری قیادت بھی قومی معاملوں خاص کر مسئلہ کشمیر پر ایک آواز رہے گی اور تحاد و اتفاق سے آگے بڑھا جائے گا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں بیس کیمپ کی حکومت کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی ۔ملاقات کے دوران اس بات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا کہ اس مسئلے کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلیے او آئی سی کے پلیٹ فارم کو زیادہ متحرک کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ جب امت مسلمہ یک جان ہو کر آواز بلند کرے گی تو ان کی آواز کو سنا جائے گا ۔تینوں رہنماؤں نے اس سلسلے میں مغربی ملکوں خاص کر سلامتی کونسل میں ویٹو پاور کے حامل ملکوں میں مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرنے کیلیے سفارت کاری میں تیزی لانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مغربی دنیا کو یہ باور کرایا جانا چاہیے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے جبکہ کشمیریوں کو ان کی زمینوں سے بیدخل کیا جا رہا ہے اور انہیں ٹارچر سیلوں کی نظر کیا جا رہا ہے جہاں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ۔تینوں رہنماؤں نے ترکی اور شام میں زلزلے سے ہونے والی تباہی ہر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور آزادجموں و کشمیر سے وفد ترکی بھیجنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس عظم کا بھی اظہار کیا گیا کہ غم کی اس گھڑی میں اپنے ترک بہن بھائیوں کی ڈھارس بندھائی بھی کریں گے کیونکہ ترکی نے آزادجموں و کشمیر میں زلزلے کے دوران فراخدلانہ امداد کی تھی اور ترکی کے صدر جناب رجب طیب اردگان نے دورہ بھی کیا تھا اب وقت ہے کہ ہم بھی اپنے ترک بھائیوں کی ڈھارس بندھائیں اور ان کے غم میں شریک ہوں۔
سابق وزراء اعظم سردار محمد یعقوب خان اور راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیراعظم کو اپوزیشن کے مسائل خاص کر ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ اپوزیشن ارکان کو بھی مساوی فنڈز فراہم کئے جائیں ۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے ان کے مطالبات سے اتفاق کرتے ہوے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان کو بھی ترقیاتی فنڈز فراہم کریں گے تاکہ وہ عوام کے مسائل حل کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کا جمہوری نظام میں انتہائی اہم کردار ہے حکومت اپوزیشن کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور میں اپوزیشن کی بھرپور معاونت چاہتی ہے ۔ اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتیں میرے لیے قابل احترام ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی معاملات اور ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے مل جل کر آگے بڑھیں گے اور اتفاق رائے سے فیصلہ سازی کریں گے تاکہ مل کر اپنے عوام کی خدمت کر سکیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں