کشمیر کونسل کے ممبران کو مظفرآباد میں سرکاری دفتر الاٹ کرنے کے احکامات جاری، وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ممبران کشمیر کونسل ملک حنیف، شجاع خورشید راٹھور اور یونس میر کی ملاقات

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے ممبران کشمیر کونسل ملک حنیف، شجاع خورشید راٹھور اور یونس میر نے ملاقات کی.ممبران کشمیر کونسل نے 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کے انقعاد، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر متفقہ قرارداد کی منظوری اور کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کرنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر ممبران کشمیر کونسل نے درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کونسل کے ممبران کو فنڈز کی فراہمی کی جائے اور ایم ایل اے کے برابر مراعات دی جائیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے ممبران کشمیر کونسل کو جملہ مسائل حل کرنے کی یقین دھانی کرائی اور ممبران کو مظفرآباد میں سرکاری دفتر الاٹ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ممبران کشمیر کونسل کے مسائل کے حل کیلیے جو احکامات جاری کیے گئے تھے اس پر فوری عمل درآمد کیا جائے اور اس کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر، صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے ملاقات کی۔سابق وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر متفقہ قرارداد کی منظوری پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو مبارکباد پیش کی سابق وزیراعظم نے او آئی سی وفد کی آزاد کشمیر آمد اور امریکی سفیر کے پہلی بار آزاد کشمیر دورے سمیت مسئلہ کشمیر پر دیگر اقدامات اٹھانے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی و باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close