مظفرآباد میں خواتین کے لیے پنک بس سروس کا آغاز، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے خود بس چلا کر نئی سروس کا افتتاح کیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) حکومت آزادکشمیرنے دارلحکومت مظفرآباد میں خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس کا آغاز کردیا۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مظفرآباد شہر میں خود بس چلا کر اس نئی سروس کا افتتاح کیا۔وزیراعظم کے ساتھ سوشل کمپلیکس سے سپریم کورٹ تک سفر میں سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد، مشیر حکومت سردار محمد حسین و دیگر بھی بس میں موجود رہے۔

پنک بس سروس کے ذریعے سرکاری دفاتر میں کام کرنے والی خواتین کو بہترین سفری سہولت دستیاب ہو گی۔حکومت کے اس اقدام سے پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والی ملازمت پیشہ خواتین کو جن نامساعد حالات سے گزرنا پڑتا تھا ان میں کمی آئے گی اور انہیں اپنے اپنے دفاتر میں جانے کے لئے باوقار اور آرام دہ سفری سہولت مہیا ہو گی جو کہ ایک فلاحی ریاست کی طرف اہم قدم ہے۔بس سروس چہلہ سے امبور تک دفتری اوقات میں خواتین کو سفری سہولت فراہم کرے گی۔ حکومت کے اس اہم اقدام سے ملازمت پیشہ خواتین کی سفری سہولیات میں بہتری آ ئیگی اور وہ زیادہ پراعتماد طریقے سے ریاست کی خدمت کر سکیں گی۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پنک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دارلحکومت مظفرآباد کو ماڈل شہر بنانے کیلئے ٹرانسپورٹ کے نظام میں مزید جدت لائیں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت خطہ میں خواتین کی ترقی اور سیاحت کے فروغ سمیت سرمایہ کاری بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے خصوصی پروگرام شروع کیے جارہے ہیں۔ خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے کامیاب خواتین پروگرام بھی شروع کر رکھا ہے۔ ملازمت پیشہ خواتین کیلیے بس سروس کا اجراع ان خواتین کو ملازمت کی جگہوں پر جانے کی سہولت فراہم کرنا ہے جو مشکل حالات میں پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرتی تھیں۔اس سے ملازمت پیشہ خواتین کے لئے آرام دہ سفر یقینی ہو گا، خواتین کو اگر نظر انداز کیا جائے گا تو معاشرہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ یہ حکومتوں کی ذمہ داری ہیکہ خواتین کو آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے مختلف سیکٹرز میں کام کر رہے ہیں تاکہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ کام کر سکیں اور ملک کی ترقی میں اپنا نمایاں حصہ ڈال سکیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے پنک بس سروس پراجیکٹ کے لیے مزید 2 بسوں کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنک بس سروس کے لیے تربیت یافتہ خواتین ڈرائیور کو ترجیح بنیادوں پر تعینات کیا جائے گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے سوشل ویلفیئر ادارہ کے لیے 25 لاکھ روپے عطیہ دینے اور ادارہ میں ایک ہزار ماہوار اجرت پر کام کرنے والی خواتین کو ماہانہ 12 ہزار روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔تقریب میں سابق امیدوار اسمبلی سردار گل خنداں،معاون خصوصی وزیر اعظم راجہ سبیل ریاض، ترجمان وزیراعظم توصیف عباسی،کوآرڈینیٹر ہمراہ وزیراعظم طارق قریشی، کوآرڈینیٹر جبار خان مغل سمیت خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں