اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی دعوت، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بطور مہمان شرکت

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) 8 فروری 2023 آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے مشترکہ اجلاس کی کارروائی دیکھی ۔وزیراعظم کو مشترکہ اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے دی تھی ۔

اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آج کا دن قومی تاریخ میں اہمیت کا حامل ہے جب پاکستان کے مقتدر قومی ادارے پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران کشمیر پر متفقہ قرارداد منظور ہوئی ہے اور کشمیری عوام کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلیے او آئی سی کو بھی آگے بڑھنا ہو گا اور امت مسلمہ کی تنظیم کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،اقوام متحدہ کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیری عوام نے بھارت سے آزادی کیلیے جو انمول قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل بیان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم نے ایک مرتبہ پھر کشمیریوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کر کے ان لاکھوں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر کو اپنے لہو سے روشن کیا ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمینٹ کی مشترکہ اجلاس کی کشمیر پر متفقہ قرارداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے پاکستان کی پارلیمنٹ سے اٹھنے والی یہ آواز دنیا بھر میں پہنچے گی اور انہیں اپنی اپنی زمہ داریوں کا احساس دلائے گی ۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے سٹیٹس کو مسلسل تبدیل کر رہا ہے وہاں ہندو وزیر اعلی لانے کی راہ ہموار کی جارہی ہے جس کے لئے غیر کشمیریوں کو دھڑا دھڑ ڈومیسائل بانٹے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کی جائیدادوں سے محروم کیا جا رہا ہے اور انہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے وہاں عملا بھارتی فوج کو تمام تر اختیارات دے کر وادی کا محاصرہ کر رکھا ہے جہاں انسانیت سسک رہی ہے اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم اسوقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیریوں کو ان کا جائز حق خودارادیت نہیں مل جاتا اور مقبوضہ کشمیر بھارتی جبر و استبداد سے آزاد نہیں ہو جاتا ۔انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی و سینیٹ کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا ۔پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ،سابق وزراء اعظم سردار عبدالقیوم نیازی ،راجہ فاروق حیدر خان ،سردار عتیق احمد خان ،سردار محمد یعقوب خان ،وزراء حکومت،معاونین خصوصی ،مشیران و پارلیمانی سیکرٹریز ، خواجہ فاروق احمد چوہدری رفیق نئیر ،چوہدری ارشد ، محمد اقبال اکبر ابراہیم ، چوہدری مقبول ، چوہدری علی شان سونی، حافظ حامد رضا ، عبدالماجد خان ، اظہر صادق ، سردار فہیم اختر ربانی ، اکبر ابراہیم ، سردار میر اکبر ، چوہدری اخلاق، چوہدری رشید ، دیوان چغتائی ، بیگم امتیاز نسیم ، نثار انصر ابدالی ،جاوید بٹ ، اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر ،چوہدری یاسین ، فیصل ممتاز راٹھور ، قاسم مجید ، جاوید بڈھانوی ، جاوید ایوب وقار نور ، احمد رضا قادری، جاوید ایوب ،سردار حسن ابراہیم جبکہ ممبر کشمیر کونسل حنیف ملک ، شجاع خورشید راٹھور ، یونس میر بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close