بریڈفورڈ (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) ترجمان آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی کی بریڈفورڈ سٹی کونسل میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت۔ تقریب میں بریڈ فورڈ سٹی کونسل کے ممبران، کشمیری کمیونٹی اور مقامی افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پاکستان اور کشمیریوں کے لازوال رشتے کی پہچان ہے،
پاکستان کشمیریوں کا دنیا میں موثر وکیل ہے جس نے مشکلات کے باوجود ہمیشہ کشمیریوں کا مقدمہ موثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ کشمیری عوام گزشتہ 75 سالوں سے پاکستان کیلئے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کررہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان مضبوط اور معاشی طور پر خوشحال ہو، ایک مضبوط اور معاشی لحاظ سے مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی بہترین وکالت کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، مودی حکومت نے اپنی قابض فورسز کو کشمیریوں کی نسل کشی کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں چن چن کر کشمیری نوجوان کو نشانہ بنایا جارہا ہے، خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے اور کشمیریوں کی املاک کو تباہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مظالم کے باوجود کشمیری عوام ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کی صدائیں بلند کر کے دنیا کو بتاتے ہیں کہ وہ کسی بھی قیمت پر اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو انکا پیدائشی حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔پروفیسر تقدیس گیلانی نے اس موقع پر بریڈفورڈ سٹی کونسل اور کونسلر جنرل ابرار خان کا یوم یکجہتی کشمیر کے انعقاد پر شکریہ بھی ادا کیا۔ تقریب سے کونسلر جنرل ابرار خان نے بھی خطاب کیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں