صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نےامریکا سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کروانے کی اپیل کر دی

واشنگٹن(پی این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیری عوام طویل عرصے سے اپنے حق خودارادیت کے لئے عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص امریکہ کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا رول ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن DC میں امریکی وزارت خارجہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیدار جیسن میکلیلن (Jason McClellan)سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی وزارت خارجہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر عہدیدار جیسن میکلیلن (Jason McClellan)کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی وزارت خارجہ کے عہدیدار کو مزید بتایاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ظلم و بربریت کی انتہاء ہو چکی ہے اور 5اگست2019ء کو آرٹیکل 370اور 35اے کو ختم کرنے کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ایسے اقدامات اُٹھانا شروع کر دئیے ہیں جس سے وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے لہذا امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم بند کرانے اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں