وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے آزاد کشمیر کے دورہ پر آئے مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (پی این آئی ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے آزاد کشمیر کے دورہ پر آئے مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے وفد نے ملاقات کی ۔وزیراعظم آزاد کشمیر کی خصوصی دعوت پر وفد نے اسلام آباد میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں مقبوضہ کشمیر سے آئی بزرگ خواتین سمیت آزاد کشمیر میں مقیم مہاجرین جموں وکشمیر کے مرد و خواتین بھی شامل تھے۔

وفد کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کو کشمیری پھیرن اور سرینگر سے لائی کشمیری شال پہنائی گئی اور سردیوں میں استعمال ہونے والی کانگڑی کا تحفہ پیش کیا گیا۔ وفد میں شامل خواتین نے کشمیری زبان میں ترانہ بھی پڑھا اور وزیراعظم سے گفتگو کرتے آبدیدہ ہو گئیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وفد سے مقبوضہ کشمیر کے حالات کے بارے میں تفصیلی استفسار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام بھارتی فوج کے سامنے سینہ سپر ہیں اور بھارتی فوج کے تمام تر مظالم کے باوجود اپنی تحریک آزادی جاری رکھے ہوے ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت جس قدر مظالم ڈھا کے وہ کشمیری عوام کے جزبہ حریت کو کم نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور ہم الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے شہداء کشمیر کے مشن کی تکمیل کریں گے ۔وفد کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں بتایا گیا۔خواتین نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ بھارتی فورسز کشمیریوں پر اوچھے ہتھکنڈوں سے ظلم و ستم ڈھا رہی ہے۔ بزرگ خاتون نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو آگاہی ہے ۔سردار تنویر الیاس خان کشمیری قوم کے لیے کسی مسیحا سے کم نہیں ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اٹھائے گئے اقدامات پر انہیں سلام پیش کرتی ہوں اور پوری کشمیری قوم انکی مشکور ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close