وزیراعظم آزاد کشمیر کی یادگار شہداء آمد، پھولوں کی چادر چڑھائی، پولیس لائنز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا

پشاور (پی این آئی)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان یادگار شہداء گئے،پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس لائنز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر کو آئی جی خیبر پختونخواہ نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔وزیراعظم نے آزادجموں و کشمیر حکومت کی جانب سے شہداء کے لیے اڑھائی لاکھ فی کس اور زخمیوں کے لیے ایک لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف خیبر پختونخواہ پولیس کے عزم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس فرنٹ سے لیڈ کر رہی ہے کانسٹیبل سے آئی جی تک تمام افسران کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں اور اُنہوں نے شہادتوں کی لازوال داستان رقم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پشت پر ہے۔آئی جی خیبر پختونخواہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے آنے سے خیبر پختونخواہ پولیس کے آفیسران و اہلکاروں کا جذبہ مزید بلند ہو گیا ہے۔وزیراعظم نے پولیس لائنز دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close