آزاد کشمیر، سیکرٹری اطلاعات کی زیر صدارت محکمانہ جائزہ اجلاس، وزیر اعظم کے احکامات پر عملدرآمد، ترقیاتی اسکیمز پر پراگریس سمیت اہم امور کا جائزہ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادکشمیر کے سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب کی زیر صدارت محکمانہ جائزہ اجلاس جمعرات کے روز سیکرٹریٹ اطلاعات میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے احکامات پر عملدرآمد، ترقیاتی سکیمز کی پراگریس، اشتہارات کے پینڈنگ بلات، محکمہ اطلاعات کے آفیسران اور سٹاف کی ذمہ داریوں، سالانہ سرگرمیوں کی تفصیل، سٹیزن پورٹل پر شکایات، سینیارٹی فہرست اور ACR’sکے حوالہ سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، ڈائریکٹر زاطلاعات راجہ امجد حسین منہاس، محمد بشیر مرزا، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سردار عمران سلیم، آفیسر انتظامیہ چوہدری محمد خورشید اور نگران راجہ بلال خان موجود تھے۔

آفیسران اطلاعات راجہ محمد سہیل خان، قراۃ العین شبیر اور سید آصف حسین نقوی نے سیکرٹری اطلاعات کو اپنے اپنے شعبہ کی پراگریس، درپیش مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کے محکمہ اطلاعات کے حوالہ سے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان پر بروقت عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔ تمام محکمہ جات جن کے ذمہ اشتہارات کے بلات بقایا ہیں کو تحریک کی جائے کہ وہ بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ محکمہ اطلاعات کے آفیسران کی ذمہ داریوں اور ان کی Job Descriptionکی تفصیل سیکرٹریٹ اطلاعات کو فراہم کی جائے اور آفیسران اطلاعات کی پرفارمنس کو پنجاب اور خیبر پختونخواہ سے ہم آہنگ بنایا جائے۔ آفیسران اور سٹاف کی ACR’sبروقت مکمل کی جائیں اور سینیارٹی فہرست کے معاملات کو بھی یکسو کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 05 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے اس پروگرام کی بھرپور میڈیا کوریج کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ اطلاعات حکومت کا چہرہ ہے۔ اس کو میڈیا کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے تاکہ محکمہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے جدید تقاضوں اور چیلنجز سے نبردآزما ہو سکے۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ترقیاتی سکیم کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ محکمہ کو مزید مستحکم کرتے ہوئے حکومتی پبلسٹی کو مزید بہترکیا جا سکے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close