اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ انجینئرز کائنات کی خوبصورتی میں رنگ بھرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارے ہاتھوں سے بڑے بڑے کام ہو رہے ہیں ۔آزادکشمیر کی سیاست میں آنے کا مقصد یہاں کے حالات کو بہتر بنانا ہے ۔انجینئرنگ میرا شعبہ ہے میں اس کی سرپرستی کرونگا ۔کنسٹرکشن کا اپنا مزاج ہے اور اسکی اپنی ٹرمینالوجی ہوتی ہے ۔
وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں آزاد کشمیر انجینئرز ایسوسی ایشن کی عبوری باڈی کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کا تقریب آمد پر صدر آزاد کشمیر انجینئرز ایسوسی ایشن انجینئر زبیر ایوب خان سمیت ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران و ممبران نے شایان شان استقبال کیا۔ تقریب میں وزیر حکومت چوہدری محمد رشید ، پیٹرن ان چیف ایسوسی ایشن انجینئر چوہدری احمد علی، چیف آرگنائزر انجینئر سید وحید الظفر گیلانی، جنرل سیکرٹری انجینئر سید یاسر علی گیلانی سمیت آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے انجینئرز کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے عبوری باڈی ارکان سے حلف لیا اور انہیں مبارک باد پیش کی۔اس موقع پر پاکستان و آزاد کشمیر کے ترانے بھی پڑھے گئے۔وزیراعظم نے کہا کہ میرا قومی سیاست میں ایک کردار تھا جہاں ٹیکنوکریٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا ،انہوں نے کہا کہ میرے کام بولیں گے کسی کو اپنے پانچ یا دس سال کا زعم ہے تو وہ ہمارے ادوار سے مقابلہ کر کے ،لوگوں کی فلاح وبہبود کیلیے کام کر رہے ہیں ریاست کے عوام کی بہتری ہمارا مشن ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے انجینئرز کیلیے مشورہ ہے کہ دلجمعی سے اپنا کام کریں آپ کا پروفیشنل بہت محنت مانگتا ہے ایک اچھا انجینئر بننے کیلیے دس سے بارہ سال کی محنت درکار ہوتی ہے تب کہیں جا کر نام بنتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تصویر کو دیکھنے کا رخ مثبت ہونا چاہیے تب جا کر ترقی ہوتی ہے دنیا میں بڑی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہمیں بھی دنیا کے معیار کو اپنانا ہو گا ،زلزلہ کے بعد عمارتوں کی تعمیر گنجلک ہو گئی ہے ہمیں صرف کنکریٹ کے پہاڑ تعمیر نہیں کرنے بلکہ ماحول دوست تعمیرات کو یقینی بنانا ہے اس لئے اس شعبہ پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے اور آزادکشمیر میں اس شعبے میں زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ ادارے کا پہلا حلف ہے اور مجھے اس تقریب میں ا کر بہت خوشی ہوئی ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے تقریب میں گزشتہ روز پشاور مسجد دھماکے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جملہ شہداء کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے یو اے ای کی معروف کاروباری شخصیت ڈاکٹر بو عبداللہ نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقعوں، صنعتوں اور ٹورازم کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے ڈاکٹر بو عبداللہ کو حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں