وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ریاست کے پہلے برن کئیر سنٹر منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا، کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے اشتراک سے برن کئیر سینٹر کی تعمیر ایک سال میں مکمل ہو گی

کوٹلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وزیر صحت عامہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نثار انصر ابدالی کی موجودگی میں کوٹلی شہر میں حکومت آزاد کشمیر اور کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے اشتراک سے آزاد کشمیر کے پہلے برن کئیر سنٹر منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا اور منصوبہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔

وزرا کرام ظفراقبال ملک،چوہدری محمد رشید،چوہدری محمد اخلاق،اظہر صادق،دیوان چغتائی،اکبر ابراہیم،معاون اطلاعات چوہدری رفیق نئیر،چوہدری محمد محبوب،راجہ آفتاب اکرم،اصغر قریشی، چیئرمین کورٹ چوہدری اختراور سیکرٹریز حکومت بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کو چئیرمین کورٹ چوہدری محمد اختر اور متعلقہ ڈویژنل حکام کی جانب سے برن ہسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی کے ساتھ 20 بیڈ پر مشتمل آزاد کشمیر کے پہلے برن کئیر سینٹر کی تعمیر ایک سال میں مکمل ہو گی اور آئندہ سال سے یہاں باقاعدہ طور پر علاج معالجے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا-برن سینٹر کی تعمیر کے لیے زمین حکومت آزادکشمیر نے فراہم کی ہے جبکہ اس کی تعمیر اور ساز و سامان پر اٹھنے والے تمام تر اخراجات کورٹ برداشت کرے گا- اس سینٹر میں غریب اور مستحق مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت میسر ہو گی۔ برن کیئر سنٹر کے انتظامی اخراجات کورٹ اور حکومت آزاد کشمیر مشترکہ طور پر برداشت کریں گے- برن کئیر سینٹر کے انتظامی معاملات کی دیکھ کے لیے کورٹ اور حکومت کے نامزد افراد اور افسران پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں